رسائی کے لنکس

امریکی سپریم کورٹ نے قانون صحت عامہ کی توثیق کردی


چیف جسٹس جان رابرٹس نے اپنےعدالتی حکم میں کہاہے کہ ججوں کی اکثریت کا یہ خیال ہے کہ ملک کا آئین اس طرح کے ٹیکس لگانے کی اجازت دیتا ہے۔

امریکی سپریم کورٹ نے ایک تاریخ ساز فیصلے میں صدر اوباما کو ایک بڑی کامیابی کا تحفہ دیتے ہوئے صحت عامہ کے قانون کی توثیق کردی ہے۔ صدراتی انتخابات سے پانچ مہینے پہلے آنے والے اس فیصلے کے اثرات انتخابات کے نتائج پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ چار کے مقابلے میں پانچ ججوں سے کیا۔

اس قانون کے تحت امریکی شہریوں کے لیے ہیلتھ انشورنس لینا لازمی قرار دیا ہے ، بصورت دیگر اسے جرمانے کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ہیلتھ کیئر قانون میں کہا گیا ہے کہ ہر امریکی شہری کے لیے لازمی ہے کہ وہ پرائیویٹ کمپنیوں، یا خود کو ملازم رکھنے والوں سے یاسرکاری پروگرام کےتحت انشورنش پالیسی حاصل کرے۔

قانون کے تحت انشورنش کمپنیوں کو پابند کیا گیا کہ وہ کسی ایسے شخص کو، جو پہلے سے بیمار ہو، ہیلتھ انشورنس دینے سے انکار نہیں کرسکتیں۔
ہیلتھ کمپنیوں کے لیے لازمی قرار دیا گیا کہ وہ صحت کے حفاظت سے متعلق سہولتیں بلا معاوضہ فراہم کریں۔

50 سے زیادہ ملازمین پر مشتمل کمپنیوں کے لیے ضروری قرار دیا گیا کہ وہ اپنے ملازمین کو ہیلتھ انشورنس فراہم کریں۔

26 سال تک کی عمر تک کے بچوں کو اپنے والدین کی ہیلتھ انشورنس میں شریک کرنے کی اجازت دی گئی۔

چیف جسٹس جان رابرٹس نے اپنےعدالتی حکم میں کہاہے کہ ججوں کی اکثریت کا یہ خیال ہے کہ ملک کا آئین اس طرح کے ٹیکس لگانے کی اجازت دیتا ہے اور عدالت کا کام اس میں رکاوٹ ڈالنا نہیں ہے۔

صدر اوباما کی انتظامیہ کی جانب سے دیے جانے والے دلائل میں کہ گیا تھا کہ یہ قانون آئین کے مطابق ہے کیونکہ تمام امریکیوں کو اپنی زندگی کے دوران کسی مرحلے پر طبی دیکھ بھال کی ضرورت پڑتی ہے۔ جبکہ بہت سے افراد مارکیٹ میں دستیاب صحت کی انشورنش حاصل نہیں کرتے۔

امریکہ کی 26 ریاستوں نے سپریم کورٹ میں صحت کی دیکھ بھال کی اصلاحات کے اس قانون کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔جس میں یہ کہا گیا تھا کہ افراد کو انشورنس خریدنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا ، کیونکہ ممکن ہے کہ انہیں اس کی ضرورت نہ پڑے یا وہ اسے خریدنے میں دلچسپی نہ رکھتے ہوں۔

ہیلتھ کیئر لا 2010ء کے آغاز میں منظور کیا گیا تھا، جسے صدر براک اوباما کی پہلی مدت صدارت کے ایجنڈے کی ایک اہم قانون سازی قرار دیا گیاتھا۔ اس قانون سازی کا مقصد صحت کی دیکھ بھال کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور انشورنس سے متعلق مسائل پر قابو پانا ہے، جن کے باعث بہت سے امریکیوں کو شدید مالی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
XS
SM
MD
LG