رسائی کے لنکس

دل کے ساز پر ٹوٹتے جڑتے رشتوں کا سیریل’شہر ذات‘


”شہر ذات “کی کہانی خوابوں کی دنیا میں رہنے اور جاگتی آنکھوں سے سپنے دیکھنے والی ایک لڑکی فلک کے گرد گھومتی ہے ۔

پاکستان کے نجی چینل ’ہم ‘ ٹی وی کی نیا ڈرامہ سیریل ”شہرذات“ شروع ہوگئی ہے ۔جس کی کاسٹ میں شامل ہیں ماہرہ خان، محب مرزا ،ثمینہ پیرزادہ ، سرمد کھوسٹ، میکال ذوالفقار،حنا خواجہ بیات، جلال خان، سیمی پاشا، سہیل ہاشمی ، نادیہ افگن اور منور سعید۔

شہر ذات“عمیرہ احمد کی تخلیق ہے ۔ان کی بیشتر تحریروں کاخاصہ عشق حقیقی ‘ہوتاہے۔ وہ خواتین کی پسندیدہ رائٹر ہیں اور ان کے بہت سے ناول، ناولٹ اور کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔

شہر ذات “کی کہانی خوابوں کی دنیا میں رہنے اور جاگتی آنکھوں سے سپنے دیکھنے والی ایک لڑکی فلک کے گرد گھومتی ہے ۔ وہ خوب صورت ہونے کے ساتھ ساتھ امیروالدین کی اکلوتی اولاد ہے ۔ فائن آرٹس سے بے انتہا لگاوٴ رکھنے والی یہ لڑکی ایک دن یوں ہی اپنے خیالی ہیرو کا مجسمہ تراش بیٹھتی ہے اور پھر حقیقی زندگی میں اس کی تلاش کے لئے نکل کھڑی ہوتی ہے ۔

اسی اثناء میں اس کی ملاقات سلمان سے ہوجاتی ہے۔ فلک کو لگتا ہے جیسے یہ وہی شخص ہے جس کا اس نے مجسمہ تراشا تھا اور جو اس کے دل کے نہاں خانوں میں بستا ہے۔ وہ سلمان کو ٹوٹ کر چاہنے لگتی ہے۔ سلمان ،فلک کے دل میں اپنے لئے نرم گوشہ محسوس کرتا ہے مگر وہ اسے اپنانے کے لیے پوری طرح آمادہ نہیں۔اس کی کچھ مجبوریاں بھی ہیں اور اسے یہ خدشہ بھی ہے کہ ممکن ہے کہ وہ فلک کووہ محبت کبھی نہ دے سکے گا جس کی اسے تلاش ہے۔

ادھر فلک سلمان سے جڑی ایک اہم حقیقت سے نا آشنا ہے۔سلمان کو یہ فکر بھی لاحق ہے کہ جب اس پر یہ راز کھلے گا تو کیا ہوگا؟ کیا پھر یہ رشتے اسی طرح قائم رہ سکیں گے ؟ یہ راز کیا ہے ؟ اور فلک پر اس راز کا کیا اثر ہوگا؟کہانی کا تانابانا انہی نازک رشتوں اور احساسات کو لیکر بناگیا ہے جو دل کے نازک ساز پر کبھی ٹوٹتے ہیں اور کبھی جڑتے ۔

ہم ٹی وی “ کے ڈراموں کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اس کے ڈراموں کا تھیم سانگ ہربار منفرد اپنی جانب کھینچ لینے والا ہوتا ہے۔ ”شہر ذات “ کا تھیم سانگ۔۔’ ’یار کو ہم نے جا بجا دیکھا“۔۔بھی لاجواب ہے جو عابدہ پروین کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG