رسائی کے لنکس

کراچی میں فائرنگ اور تشدد جاری ، مزید 5افراد ہلاک


پیر کو قائد آباد میں رینجرز کی گاڑی کے قریب نصب بم پھٹ گیا جس سے گاڑی اور قریبی رہائشی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔

کراچی میں فائرنگ اور اغواء کے بعد قتل و ہاتھ پاوٴں بندھی لاشیں ملنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ پیر کو رات گئے تک مزید 5افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد 24گھنٹوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 13ہوگئی ہے۔ ادھر لاندھی میں رینجرز کی گاڑی کے قریب بم پھٹنے سے 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کے واقعات اور ہلاکتیں

پیر کوکراچی کے علاقوں کھوکھراپار ،منگھوپیر، بلدیہ ٹاوٴن، ملیر سٹی، اورنگی ٹاوٴن اور شاہ فیصل میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے ۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق کھوکھرا پار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوئے۔ منگھو پیر میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو ا۔ بلدیہ ٹاوٴن میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا شہری اسپتال میں دم توڑ گیا۔

ملیر سٹی میں بس اسٹاپ پر کھڑے ایک شخص کو گولیاں مارکرہلاک کردیا گیا۔ ملیر میں ہی پیر محفوظ روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔ دونوں کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بتایا جارہا ہے۔

اورنگی ٹاوٴن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔ ملیر غازی ٹاوٴن، شاہ فیصل اور اورنگی میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے چار افراد زخمی ہوگئے۔

بلدیہ ٹاؤن سیکٹر ساڑھے پانچ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی ۔پولیس کے مطابق مقتول کو علاقے میں ہونے والے جھگڑے کے دوران قتل کیا گیا ہے ۔

ہاتھ پاوٴں بندھی لاشیں برآمد

پیر کی صبح تبت سینٹر اور سٹی کورٹ سے دو علیحدہ علیحدہ لاشیں ملیں۔ ان دونوں افراد کے ہاتھ پاوٴں بندھے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق انہیں چند روز پہلے اغواء کیا گیا تھا۔ ڈیفنس دو تلوار کے قریب سے ایک سیاسی جماعت کے کارکن کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو اغوا کے بعد قتل کیا گیا۔

رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا

پیر کو ہی قائد آباد میں رینجرز کی گاڑی کے قریب نصب بم پھٹ گیا جس سے گاڑی اور قریبی رہائشی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ رینجرز اور پولیس حکام کے مطابق بم رینجرز کی گاڑی کے قریب کیاری میں نصب کیا گیا تھا۔ دیسی ساختہ بم میں بال بیرنگ استعمال کئے گئے تھے۔ دھماکے کی جگہ پر تین فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔
XS
SM
MD
LG