رسائی کے لنکس

کرینہ کپور بالی ووڈ کی مہنگی ترین ”ہیروئن“ بن گئی


کرینہ کپور
کرینہ کپور

بالی وڈ کی بے بو، کرینہ نے ’ہیروئن‘ میں اپنے کیرئیر کا سب سے زیادہ گلیمرس اور بولڈ رول ادا کیا ہے

ریلیز سے قبل ہی میڈیا توجہ کا مرکز بنے رہنے والی کرینہ کپور کی فلم ’ہیروئن‘ کی نمائش جاری ہے ۔ 21ستمبر کرینہ کا جنم دن بھی ہے سو ان کے لئے یہ دن اس بار دوہری خوشیاں لایا۔

ڈائریکٹر مدھر بھنڈارکر کی ”ہیروئن“ شروع ہی سے لوگوں کی توجہ کا مرکز رہی۔اس فلم کی پہلی ہیروئن ایشوریہ رائے بچن تھیں لیکن فلم کا ابھی کچھ ہی حصہ شوٹ ہوا تھا کہ ان کے ماں بننے کی اطلاع آگئی اور یوں ایشوریہ کو یہ فلم چھوڑنا پڑی۔ اس خبر سے ایشوریہ جتنا زیادہ خبروں کا حصہ بنیں اتنی ہی زیادہ فلم ”ہیروئن “بھی خبروں کا حصہ بنتی رہی۔ یہاں تک کہ لوگوں کو اس فلم کا نام ازبر ہوگیا۔

پھر کافی دنوں تک فلم اس حوالے سے خبروں میں نام کماتی رہی ہے کہ ایشوریہ کے بعد اس کی ہیروئن کون ہوگی؟ مدھر بھنڈارکر کبھی اس ہیروئن سے بات کرتے تو کبھی اس ہیروئن سے رابطہ کرتے۔ بلاخر جیسے ہی انہوں نے کرینہ کو فائنل کیا ، فلم کانام دوبارہ شہ سرخیوں کا حصہ بن گیا۔

بالی وڈ کی بے بو۔ کرینہ نے ’ہیروئن‘ میں اپنے کیرئیر کا سب سے زیادہ گلیمرس اور بولڈ رول ادا کیا ہے۔ مدھربھنڈارکرکا کہنا ہے کہ ’ہیروئن‘ میں کام کرنے کے بعد کرینہ بالی وڈ کی مہنگی ترین ہیروئن بن گئیں ہیں۔انہوں نے کرینہ کو ادا کئے گئے معاوضے کے بارے میں تو کچھ نہیں بتایا تاہم کرینہ کے ملبوسات کے بارے میں کچھ دلچسپ انکشافات ضرور کئے۔

ایک بھارتی ویب سائٹ گلیم شیم کے مطابق فلم ’ہیروئن ‘ میں کرینہ نے ایک سو تیس ملبوسات استعمال کئے۔ ان میں سے بیشتر دنیا کے سر فہرست فیشن ہاوٴسز سے تیارکرائے گئے تھے۔ایک آوٴٹ فٹ کی قیمت میں نے ڈیڑھ کروڑ روپے ادا کی اور میں یہ بات کہہ سکتاہوں کہ بے بو انڈسٹری کی مہنگی ترین ہیروئن ہے۔

چھیالیس سالہ مدھر بھنڈارکر حقیقی زندگی کے سچے واقعات پر فلمز بنانے کے لئے شہرت رکھتے ہیں اور اپنی فلموں پر متعدد بار نیشنل ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔ ہیروئن کے ایوارڈ جیتنے کے امکانات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے ’’میں چاہتا ہوں کہ فلم باکس آفس پر اچھا بزنس کرے اورلوگ اسے پسند کریں۔ میں نے بہت دل اور لگن سے یہ فلم بنائی ہے۔

مدھر اپنی فلم کی کاسٹ سے بہت خوش دکھائی دئیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر اداکار نے اپنے کردار سے بھرپور انصاف کیا ہے۔’بحیثیت فلم میکر میں اس فلم کوکر کے بہت خوش ہوں۔تمام کے تمام ایکٹرز نے کمال کی اداکاری کی ہے۔ یہ میری پہلی ملٹی ڈائی مینشنل فلم ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ میں اس میں کامیاب بھی رہا۔

پینتالیس کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی ”ہیروئن“بھارت کے دو ہزار تین سو سینما گھروں میں دکھائی جارہی ہے ۔فلم کی ریلیز کا پیر کو چوتھا دن ہے ۔ کرینہ کے علاوہ فلم کے دیگر ستاروں میں شامل ہیں رندیپ ہودا، ارجن رامپال، دیویا دتہ،شبانہ گوسوامی اور ہیلن۔
XS
SM
MD
LG