رسائی کے لنکس

امیتابھ بچن کو ایک مرتبہ پھر بیماری نے آگھیرا


امیتابھ بچن
امیتابھ بچن

اس وقت وہ اینٹی بائیوٹیک اور سیرپس کے ساتھ ساتھ گھریلو ٹوٹکے بھی آزمارہے ہیں

بالی ووڈ کے بگ بی یعنی امیتابھ بچن کو ایک مرتبہ پھر بیماری نے آگھیرا ہے۔ انہیں شدید کھانسی ہے جس کے سبب ان کے پیٹ میں سخت تکلیف ہوگئی ہے ۔

رواں سال فروری میں بھی انہیں پیٹ میں درد کی شکایت پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں کو ان کا آپریشن کرنا پڑا تھا۔ اب امیتابھ کو پیٹ میں درد کی پھر شکایت ہوگئی ہے۔

امیتابھ نے اپنی صحت سے متعلق تفصیلات مائیکرو بلاگنگ سائٹ ”ٹوئیٹر “پر درج کی ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ انہیں رات بھر شدید کھانسی رہی جس کے سبب پیٹ اسی جگہ دوبارہ درد شروع ہوگیا ہے جہاں سرجری ہوئی تھی۔

امیتابھ کا کہنا ہے کہ فروری میں پیدا ہونے والی تکلیف بھی ابھی مکمل طور پرختم نہیں ہوئی کہ اب پھر درد کی شکایت رہنے لگی ہے۔ امیتابھ کے مطابق درد کی شکایت پر انہوں نے ڈاکٹروں سے رابطہ کیا ۔ اس وقت وہ اینٹی بائیوٹیک اور سیرپس کے ساتھ ساتھ گھریلو ٹوٹکے بھی آزمارہے ہیں۔

امیتابھ کو آج سے بیس پچیس سال پہلے فلم ”قلی“ کی شوٹنگ کے دوران حادثہ پیش آیا تھا ۔

فلم کے ولن سے پٹائی کے سین میں وہ اپنے توازن برقرار نہ رکھ سکے تھے اور ایک میز کا کونا ان کے پیٹ میں جا لگا تھا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ اس حادثے کے بعد انہیں کئی ماہ تک بستر پر رہنا پڑا۔

اب پچھلے کئی ماہ سے انہیں دوبارہ بار بار پیٹ میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
XS
SM
MD
LG