رسائی کے لنکس

امریکہ: 91 افراد پر ہیلتھ انشورنش میں 43 کروڑ ڈالر کی غبن کا الزام


U.S. health care

U.S. health care

محکمہ انصاف کا کہناہے کہ2007 سے اب تک سے 1500 افراد پر جعلی بلوں کے ذریعے چارارب 80 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی رقوم نکلوانے کے الزام میں مقدمات قائم کیے جاچکے ہیں

امریکی حکام نے 91 افراد پر وفاقی حکومت کی جانب سے معمر افراد کو صحت کی دیکھ بھال کے لیے فراہم کی جانے والی انشورنس ’ میڈی کیئر‘ میں خورد برد اور غبن کا الزام عائد کیا ہے۔

جمعرات کو ایک نیوزکانفرنس میں اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے بتایا کہ جعلی بلوں کے ذریعے تقریباً 43 کروڑ ڈالر کے مبینہ خوردبرد میں ڈاکٹر، نرسیں اور صحت کی دیکھ بھال سے متعلق دیگر اہل کار بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان جرائم میں ایسا علاج اور طبی خدمات کی فراہمی بھی شامل ہے جو طبی لحاظ سے غیر ضروری تھیں یا پھر یہ سروسز سرے سے فراہم ہی نہیں کی گئیں تھیں۔

اٹارنی جنرل کا کہناتھا کہ مذکورہ افراد پر سات شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 24 گھنٹوں پر مشتمل چھان بین کے لیے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور سرکاری اداروں کی یہ کارروائی اب تک کی تاریخ میں اپنے انداز کی سب سے بڑی کارروائی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ مشتبہ افراد پر جو الزامات لگائے گئے ہیں ان میں منی لانڈرنگ، سازش اور شاخت کی چوری بھی شامل ہیں۔

محکمہ انصاف اور ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز نے 2007 میں ہیلتھ کیئر پروگرام میں دھوکہ دہی کی روک تھام کے لیے ایک بڑی مہم شروع کی تھی۔

محکمہ انصاف کا کہناہے کہ2007 سے اب تک سے 1500 افراد پر جعلی بلوں کے ذریعے چارارب 80 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی رقوم نکلوانے کے الزام میں مقدمات قائم کیے جاچکے ہیں
XS
SM
MD
LG