رسائی کے لنکس

شام کی خانہ جنگی سے مشرق وسطیٰ کوخطرہ


لخدرابراہیمی کی لبنان کے صدر مائیکل سلیمان سے ملاقات
لخدرابراہیمی کی لبنان کے صدر مائیکل سلیمان سے ملاقات

لخدر ابراہیمی 19 ماہ سے جاری بحران کے سیاسی حل کی کوشش میں حکومت مخالف باغیوں کی حامی سنی ریاستوں اور مسٹر اسد کے علاقائی مضبوط اتحادی ملک ایران کا بھی دورہ کرچکے ہیں۔

بین الاقوامی سفارت کار لخدرابراہیمی نے کہاہے کہ شام کی خانہ جنگی کو اگر کلی طورپر روکا نہ گیا تو وہ علاقائی تنازعات کو اپنی لپیٹ میں لیتے ہوئے مشرق وسطیٰ کی مشرقی سرحدوں تک پھیل سکتی ہے۔

لخدر ابراہیمی نے ہمسایہ ملک لبنان میں مذاکرات کے بعدبدھ کو شام کے صدر بشارالاسد کی حکومت سے اپیل کی کہ وہ عید الضحیٰ کے موقع پر پہل کرتے ہوئے مجوزہ فائربندی پر عمل درآمد کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پہل کرتی ہے تو شام کی حزب اختلاف ان سے یہ کہہ چکی ہے کہ وہ بھی فوری طورپر ایسا ہی کریں گے۔

شام کے لیے اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے سفارت کارلخدر ابراہیمی 19 ماہ سے جاری بحران کے سیاسی حل کی کوشش کے سلسلے میں حکومت مخالف باغیوں کی حامی سنی ریاستوں اور مسٹر اسد کے علاقائی مضبوط اتحادی ملک ایران کا بھی دورہ کرچکے ہیں۔

ابراہیمی نے بدھ کو لبنان کے صدر مائیکل سلیمان ، وزیر اعظم نجیب مکاتی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات کی۔

اتوار کو بین الاقوامی سفارت کار نے ایرانی راہنماؤں سے شام میں مجوزہ فائربندی کی حمایت کرنے کی اپیل کی تھی۔

ابراہمی کے پیش رو اور اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان اپریل میں اپنا منصب سنبھالنے کے بعد جلدہی اس سے الگ ہوگئے تھے۔

بدھ کے روز بھی شام کے مختلف حصوں میں جھڑپیں جاری رہیں ۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہناہے کہ باغیوں نے حلب اور دمشق کو ملانے والی شاہراہ پر واقع شمال مغربی قصبے مارت النعمان میں لڑائی کے دوران شام کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر مارگرایا ہے۔
XS
SM
MD
LG