رسائی کے لنکس

شام نے وائس آف امریکہ اور بی بی سی کی نشریات جام کردیں


سیٹلائٹ جامنگ کے نتیجے میں وائس آف امریکہ کی غیر ملکی زبانوں کی سروسز اور بی بی سی ٹیلی ویژن اوراس کے انگریزی اور عربی زبان کی ریڈیو نشریات میں تعطل پیدا ہواہے۔

وائس آف امریکہ کے بورڈ آف گورنرز، اور امریکی حکومت کی مالی معاونت سے چلنے والے بین الاقوامی نشریاتی اداروں نے یورپ کے پبلک میڈیا اداروں کے ساتھ ہم آواز ہوکر مشرق وسطیٰ اور یورپ بھر میں سٹیلائٹس سگنلز جام کرنے کی مذمت کی ہے۔

بی بی جی کے ڈائریکٹر رچرڈ لوبو نے جمعے کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی سیٹلائٹ سگنلز اور دوسرے اداروں کی نشریات روکنا بین الاقوای ضابطوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ممالک میں نشریات کو دیدہ دانستہ روکنا جہاں میڈیا پر پابندیاں عائد ہیں، لاکھوں افراد کو معلومات تک رسائی سے محروم کرنے کے مترداف ہے۔

سیٹلائٹ کے ذریعے امریکہ اور بی بی سی کی نشریات بیرونی ممالک میں پہنچانے والے فرانس کے ادارے’ یوٹل سیٹ‘نے شام کی جانب سے آنے والے سگنلز کے باعث سیٹلائٹ نشریات میں خلل پڑنے کی تصدیق کی ہے۔

سیٹلائٹ کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں عربی زبان کی نشریات فراہم کرنے والے ایک جرمن ادارے ’ڈوئچے ویلے‘ نے کہا ہے کہ نشریات جام کرنے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔

سیٹلائٹ جامنگ کے نتیجے میں وائس آف امریکہ کی غیر ملکی زبانوں کی سروسز اور بی بی سی ٹیلی ویژن اوراس کے انگریزی اور عربی زبان کی ریڈیو نشریات میں تعطل پیدا ہواہے۔

فرانس میں قائم’ یوٹل سیٹ‘ سیٹلائٹ کے ذریعے پروگرام فراہم کرنے والا دنیا کا ایک اہم ادارہ ہے۔ یہ ادارہ 4250 سے زیادہ ٹیلی ویژن چینلز کی نشریات یورپ ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے 20 کروڑ سے زیادہ کیبل آپریٹرز اور گھروں تک پہنچاتا ہے۔

پیر کے روز یوٹل سیٹ نے یورپی یونین کی جانب سےتہران کے متنازع جوہری پروگرام کے خلاف پابندیاں مزید سخت کیے جانے کے بعد ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن چینلز کی نشریات ریلے کرنا بند کردیں۔
XS
SM
MD
LG