رسائی کے لنکس

عید پر موبائل موبائل فون سروس کی معطلی کا امکان


21ستمبر کو گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج کے موقعے پر بھی موبائل فون سروس 15شہروں میں عارضی طور پر ایک دن کے لئے معطل رہی تھی

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ” عیدپر بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی “۔۔۔لیکن ساتھ ہی ساتھ بڑے شہروں میں’ موبائل فونز کی لوڈ شیڈنگ ‘یعنی ’عارضی معطلی ‘کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔گزشتہ عید اور گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج والے دن بھی ایسا ہوچکا ہے اور اب عید الاضحی پر بھی ایسا ہوسکتا ہے ،اس کے اشارے مل رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ اور سینیٹر رحمان ملک نے دو روز قبل ہی ملک بھر میں عید پر کئے جانے والے سیکورٹی اقدامات سے آگاہ کیا تھا جس میں کہا تھا کہ اگر ضروری سمجھا گیا تو عید سے ایک رات پہلے موبائل فون سروسز معطل کردی جاے گی جو عید کی رات کو بحال ہوگی۔

وفاقی وزیر نے جمعرات کو ایک مرتبہ پھر یہ عندیہ دیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عید کی چھٹیوں میں دہشت گردی کے حوالے سے موصول ہونے والی انٹیلی جنس رپورٹس کا جائزہ لیا جارہا ہے ‘ان رپورٹس کی روشنی میں عید پر موبائل فون سروس کی معطلی کا حتمی فیصلہ جمعہ کو کیا جائے گا۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت لوگوں کے جان ومال کی حفاظت کو ہرحال میں یقینی بنائے گی ۔

ادھربدھ کے روز وزیر داخلہ نے ایک اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ سیکورٹی خطرات کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو دہشت گردی سے متعلق مختلف انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس کا جائزہ لے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان رپورٹس کی روشنی میں کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ عید پر کن شہروں میں موبائل فون سروس معطل کرنی ہے ۔

واضح رہے کہ 21ستمبر کوجب گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا ، اس دن بھی موبائل فون سروس 15شہروں میں عارضی طور ایک دن کے لئے معطل رہی تھی جس کے سبب موبائل فون کمپنیز کے مطابق انہیں 600ملین روپے کا نقصان ہوا تھا۔تاہم اگر عیدپر بھی موبائل فون سروس معطل ہوئی تو یہ تخمینہ کئی گنابڑھ جائے گا۔
XS
SM
MD
LG