رسائی کے لنکس

صدارتی انتخابی مہم فیصلہ کُن مرحلے میں


کوئی بھی ری پبلیکن امیدوار اوہائیو کو جیتے بغیر وہائٹ ہاؤس نہیں پہنچ سکاہے اور اس ریاست میں مسٹراوباما کی کامیابی مٹ رامنی کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔

امریکی صدر براک اوباما اور ان کے صدارتی حریف مٹ رامنی نے منگل کے الیکشن سے قبل ہفتے کے روز طویل دورانیے کی انتخابی مہم شروع کردی ہے اوررائے عامہ کے تازہ ترین جائزے یہ ظاہر کررہے ہیں کہ دونوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

مسٹر اوباما نے ہفتے کے روز اپنی میراتھن انتخابی مہم شروع کرنے سے پہلے وفاقی ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی یعنی ایف ای ایم اے کا دورہ کیا اور ان سے سپرسٹارم سینڈی کا نشانہ بننے والے علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں پر بات چیت کی ۔

صدر اوباما نے اپنے اعلیٰ مشیروں ، مقامی عہدے داروں اور نامہ نگاروں سے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے کے لیے فوج سمیت تمام وفاقی وسائل استعمال میں لائے جائیں گے۔ اور ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ امدادی سرگرمیوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہونے پائے۔

ریاست میساچوسٹس کے سابق گورنر اور ری پبلیکن صدارتی امیدوار مٹ رامنی نے اپنی طویل دورانیے کی آخری انتخابی مہم کا آغاز ریاست نیوہمشائر کے شہر پورٹس ماؤتھ سے کیا۔ انہوں نے صدر اوباما پر تنقید کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے ووٹوں کے ذریعے انہیں اقتدار سے الگ کردیں۔

انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ آپ نے سنا ہوکہ صدر نے پچھلے دنوں کیا کہاتھا اور میرا خیال ہے کہ ان کی بات سن کر بہت سے لوگ حیران ہوئے ہوں گے۔ انہوں نے ایک مجمع میں کہا تھا کہ ووٹ بہترین انتقام ہے۔ لیکن میں آپ سے یہ کہناچاہتا ہوں کہ آپ ووٹ انتقام کے لیے نہیں بلکہ اپنے وطن سے محبت کے لیے دیں۔

نیوہمشائر ان ریاستوں میں شامل سب سے چھوٹی ریاست ہے، جہاں ووٹروں کا جھکاؤ کسی بھی جانب مٹر سکتا ہے۔ اور یہی وہ ریاستیں ہیں جو صدارتی الیکشن میں فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہیں۔

اب تک کے رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق وہاں مقابلہ پھنسا ہوا ہے اور کوئی بھی امیدوار نیوہمشائر کے معاملے میں غفلت نہیں برت سکتا۔ چنانچہ دونوں صدارتی امیدواروں نے اختتام ہفتہ وہاں اپنے جلسوں کے پروگرام ترتیب دے رکھے ہیں۔

مسٹر رامنی ہفتے ہی کے روز وسط مغربی ریاست آئیوا اور مغربی ریاست کولوریڈو بھی جارہے ہیں۔

مسٹر اوباما اپنی انتخابی مہم کے آخری مرحلے کا آغاز اوہائیو سے کررہے ہیں ۔ وہ جمعے کو بھی اوہائیو میں تھے اور اتوار کو بھی وہاں کا دورہ کریں گے۔

مسٹر اوباما نے منٹار میں اپنے انتخابی حریف مسٹر رامنی پر تندو تیز تنقید کی اور کہا کہ وہ جس طرح کے وعدے کررہے ہیں انہیں پایہ تکمیل نہیں پہنچا سکتے۔

تازہ ترین جائزوں کے مطابق مسٹراوباما کو اوہائیو میں معمولی برتری حاصل ہے۔ یہ وہ ریاست ہے جسے دونوں پارٹیاں ہرصورت میں جیتنا چاہتی ہیں۔ کوئی بھی ری پبلیکن امیدوار اوہائیو کو جیتے بغیر وہائٹ ہاؤس نہیں پہنچ سکاہے اور اس ریاست میں اوباما کی کامیابی رامنی کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔

اوہائیو کے بعد مسٹر اوباما ہفتے ہی کے روز وسکانسن اور آئیووا بھی جائیں گے اور رات گئے ورجینیا میں بھی ایک جلسے میں شریک ہوں گے۔
XS
SM
MD
LG