رسائی کے لنکس

تین لاوارث ٹائیگربچوں کی نئی ماں، شیفرڈ نسل کا کتا

  • واشنگٹن

بچوں کی ماں نے ، جس کا نام باگیریا ہے، جنم دینے کے بعد انہیں قبول کرنے سے انکار کردیا، اور وہ لاوارث ہوگئے۔

روس میں ٹائیگر کے تین بچوں کو ایک نئی ماں مل گئی ہے، مگر وہ شیرنی نہیں بلکہ جرمن نسل کی سفید شیفرڈ کتیا ہے، جس کا نام تالیم ہے۔

ایسوسی ایٹڈپریس کی ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ یہ بچے روس کے بحیرہ ا سود کے ایک تفریحی قصبے سوچی کے چڑیا گھر میں 14 نومبر کو پیدا ہوئے تھے۔

پیدائش کے بعد نربچوں کے نام اولیمپ اور دار جب کہ مادہ ٹائیگر کانام تالی رکھا گیا۔

بچوں کی ماں نے ، جس کا نام باگیریا ہے، جنم دینے کے بعد انہیں قبول کرنے سے انکار کردیا، اور وہ لاوارث ہوگئے۔

باگیریا اس سے پہلے بھی دوبچوں کو جنم دینے کے بعد انہیں چھوڑ چکی ہے۔

ماضی کے تجربے کے پیش نظر چڑیا گھر کی انتظامیہ بچوں کی پیدائش سے قبل ہی ان کی نئی ماں کا انتظام کرچکی تھی۔ چنانچہ جیسے ہی شیرنی نے اپنے نوزائیدہ بچوں کو پرے دھکیلا ، چڑیا گھر کی انتظامیہ نے انہیں نئی ماں کے حوالے کردیا۔

بچوں کا باپ بھی اسی چڑیا گھر میں ہے، لیکن بچوں کی دیکھ بھال عموماً ماں کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

چڑیا گھر کے عہدے داروں کا کہناہے کہ اگرچہ بچے اپنی ٹائیگر کی جبلت کا اظہار کرتے ہوئے غرانے اور پنچے مارنے سے باز نہیں رہتے ، لیکن کتیا کےرویے میں ان کے لیے نرمی اورشفقت ہے۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ کو توقع ہے کہ ٹائیگر کے بچے اپنی نئی ماں کے لیے کوئی خطرہ نہیں بنیں گے۔
XS
SM
MD
LG