رسائی کے لنکس

اٹلی: وزیر اعظم کا مستعفی ہونے کا عندیہ


وزیر اعظم اٹلی ماریئو مونٹی(فائل)
وزیر اعظم اٹلی ماریئو مونٹی(فائل)

مسٹر مونٹی نے کہا کہ دائیں بازو کی جماعت پپیل آف فریڈم کی علیحدگی کے بعد، وہ پارلیمنٹ میں اکثریت سے محروم ہوچکے ہیں۔

اٹلی کے وزیر اعظم ماریئو مونٹی نے کہاہے کہ پارلیمنٹ سے اگلے سال کے بجٹ قانون کی منظوری کے بعد وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔

ہفتے کے روز وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیاہے کہ مسٹر مونٹی نے کہاہے کہ اگر بجٹ کا قانون جلد منظور گیا تو وہ بھی فوراً ہی اپنے استعفے کی تصدیق کردیں گے۔

مسٹر مونٹی نے کہا کہ دائیں بازو کی جماعت پپیل آف فریڈم کی علیحدگی کے بعد، جن کی قیادت سابق وزیر اعظم سیلویئو برلسکونی کے ہاتھ میں ہے، وہ پارلیمنٹ میں اکثریت سے محروم ہوچکے ہیں۔

سابق وزیر اعظم برلسکونی نے ہفتے کے روز کہاتھا کہ وہ چوتھی مدت کے لیے وزیر اعظم کے انتخاب میں حصہ لیں گے۔

سابق وزیر اعظم گذشتہ سال نومبر میں اس وقت اقتدار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے تھے جب اٹلی نادہندگی کے قریب پہنچ گیا تھا اور اس پر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا دباؤ بڑھ گیاتھا۔

بعد ازاں انہیں ٹیکسوں میں جعل سازی اور کئی غیراخلاقی الزامات پر مقدمات کا سامنا کرنا پڑا۔
XS
SM
MD
LG