رسائی کے لنکس

مصر: ہڑتالی کیمپ پر نقاب پوشوں کی فائرنگ ، نو افراد زخمی


قاہرہ میں نئے آئینی مسودے کے خلاف اشتہارات
قاہرہ میں نئے آئینی مسودے کے خلاف اشتہارات

حزب اختلاف کے راہنما مسٹر مرسی پر زوردے رہے ہیں کہ وہ نئے آئین پر عوامی ریفرنڈم منسوخ کردیں جوکہ پروگرام کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والا ہے۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں، جہاں صدر محمد مرسی کے مخالفین اور حامی الگ الگ مظاہرے کررہے ہیں، نقاب پوش مسلح افراد نے ایک ہڑتالی کیمپ پر فائرنگ کردی جس سے نو افراد زخمی ہوگئے۔

عہدے داروں اور عینی شاہدین کا کہناہے کہ نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے تحریر چوک میں گولیاں چلانے کا واقعہ منگل کی صبح پیش آیا۔ لیکن دوپہر کے وقت وہاں حالات پرسکون تھے۔ چوک کے وسط میں مظاہرین بدستور خیمہ زن تھے اور لوگوں کی تعداد آہستہ آہستہ بڑھ رہی تھی۔

حزب اختلاف کے راہنما مسٹر مرسی پر زوردے رہے ہیں کہ وہ نئے آئین پر عوامی ریفرنڈم منسوخ کردیں جوکہ پروگرام کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والا ہے۔

حزب اختلاف کے نیشنل سالویشن فرنٹ نے، جس کی قیادت محمد البرادی، عمر موسیٰ اور دوسرے اعتدال پسند راہنماؤں کے پاس ہے، منگل کے روز اپنے حامیوں سے اپیل کی کہ وہ صدارتی محل تک جلوس نکالیں۔

ان کا کہنا ہے کہ نئے آئین کا مسودہ مصر کے عوام کی صحیح نمائندگی نہیں کرتا۔

لیکن مسٹر مرسی نے اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا ہے۔

پیر کے روز انہوں نے ریفرنڈم کے دوران امن وامان قائم رکھنے کے لیے فوجی حکام عام شہریوں کی گرفتار ی کا اختیار دے دیا۔

اس حکم کا مقصد اہم اداروں کے تحفظ کے لیے پولیس کو مدد فراہم کرنا ہے۔

قاہرہ میں جلسے جلوسوں اور احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر بڑے پیمانے پر فوجی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG