رسائی کے لنکس

یورو زون میں نگران مالیاتی ادارے کے قیام کا معاہدہ


برسلز میں یورپی یونین کے اجلاس کےموقع پر فرانس اور یونان کے وزرائے خزانہ کی ملاقات۔ 13 دسمبر 2012
برسلز میں یورپی یونین کے اجلاس کےموقع پر فرانس اور یونان کے وزرائے خزانہ کی ملاقات۔ 13 دسمبر 2012

توقع ہے کہ نگران مالیاتی ادارہ مارچ میں قائم ہوجائے اور 2014 کے آغاز میں مکمل طورپر اپنا کام کرنے لگے گا۔

یورپی یونین کے وزرائے خزانہ یوروزون کے بینکوں کی نگرانی کے لیے ایک سپروائزر مقرر کرنے پر متفق ہوگئے ہیں، جو براعظم کے کلیدی مالیاتی شعبوں میں اصلاحات کے لیے جاری کوششوں میں مدد دے گا۔

خطے کے وزرائے خارجہ کے درمیان جمعرات کی صبح طے پانے والے اس معاہدے کے تحت یورپیئن سینٹرل بینک کے بورڈ کو یورو کرنسی استعمال کرنے والی 17 رکنی تنظیم کے بینکوں اوراس نظام میں شامل ہونے والے یورپی یونین کے اداروں کے مالیاتی امور کی نگرانی کا اختیار دے دیا گیا ہے۔

فرانس کے وزیر خزانہ پیئر موسکوویکی نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سے یورو زون پر بیرونی ممالک کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

یورپی یونین کے عہدے داروں نے اس سال جون میں سربراہی کانفرس کے دوران بینکوں کے ایک نگران ادارے کے قیام پر اتقاق کرتے ہوئے سال کے اختتام تک اس سلسلے میں ایک منصوبہ سامنے لانے کا وعدہ کیا تھا۔

توقع ہے کہ نگران مالیاتی ادارہ مارچ میں قائم ہوجائے اور 2014 کے آغاز میں مکمل طورپر اپنا کام کرنے لگے گا۔

یورپ میں ناکام ہونے والے بینک بعض ممالک کی معیشتوں پر گہرے منفی اثرات ڈال رہے ہیں جس سے اپنے مالیاتی اداروں کو بچانے کی کوششیں کرنے والی حکومتوں کے قرضوں کا بحران بڑھ رہاہے ۔

نیا مالیاتی نگران ادارہ مشکلات میں مبتلا بینکوں کی مدد کے لیے انہیں براہ راست رقوم فراہم کرسکے گا۔

اس ادارے کا قیام ایک ایسی بینکنگ یونین کی تشکیل کی جانب بھی ایک قدم ہے جس کے پاس ناکام بینکوں کو بند کرنے کا اختیار ہوگا۔

39 ارب ڈالر سے زیادہ کے اثاثے رکھنے والے بینک ، یا وہ بینک جس کی مالیت اپنے ملک کی مجموعی قومی پیداوار کے 20 فی صد کے مساوی یا اس سے زیادہ ہوگی، نگران مالیاتی ادارے کے دائرہ اختیار میں آئیں گے۔

عہدے داروں کا کہناہے ایسے بینکوں کی تعداد 150 سے زیادہ ہے۔
XS
SM
MD
LG