رسائی کے لنکس

اس جمعےبالی وڈ کی کوئی اہم فلم ریلیز نہیں ہوگی


بڑے بجٹ ، بڑے بینر اور بڑی کاسٹ کی فلمیں کرسمس کے تہوار پر نمائش کے لیے پیش کرنے کی وجہ سے رکی ہوئی ہیں۔


بالی ووڈ فلموں کے شائقین کے لئے جمعہ 14دسمبر سے شروع ہونے والا ہفتہ انتہائی بور ثابت ہوگا کیوں کہ اس بار صرف ایک فلم ریلیز ہورہی ہے اور وہ ہے ”سگریٹ کی طرح“۔ غیر معروف فنکاروں اور بینر کے سبب اسے اب تک کوئی پروموشن نہیں مل سکی ہے ۔

ممبئی کے فلم ٹریڈ سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ”یہ ہفتہ ’خالی‘جائے گا کیوں کہ بڑے بجٹ ، بڑے بینر اور بڑی کاسٹ کی فلمیں کرسمس کے تہوار پر نمائش کے لیے پیش کرنے کی وجہ سے رکی ہوئی ہیں۔

اگر پچھلے ہفتے تک ریلیز ہونے والی فلموں کی بات کی جائے تو اس میں سب سے پہلے ذکر اکشے کمار اور آسین کی فلم ”کھلاڑی 786“ کاآئے گا۔ فلم کو اچھی شروعات ملی اور ایک ہفتے کے دوران ہی اسے بھارت بھر سے 32کروڑ روپے کا بزنس مل گیا۔

اس کے مقابلے میں عامر خان اور کرینہ کپور کی ”تلاش“نے اپنی ریلیز کے پہلے ہفتے ہیں 45کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔ اس کی تیزی کو دیکھتے ہوئے فلمی پنڈت پیشگوئی کررہے ہیں کہ یہ فلم 100کروڑ روپے کمانے والی فلموں کے کلب میں اپنا نام درج کرالے گی۔

ادھربھارتی ویب سائٹ گلیم شیم ڈاٹ کام کے مطابق یش چوپڑا کی آخری فلم ”جب تک ہے جاں“ نے اب تک ایک ارب 16کروڑ روپے کمالئے ہیں۔ جس میں سے 30کروڑ روپے صرف ایک شہر یعنی ممبئی کا حصہ ہے۔ فلم اپنی ریلیز کے کئی ہفتوں بعد بھی اچھا بزنس کررہی ہے۔

چلتے چلتے سوناکشی سنہا اور اجے دیوگن کی ہٹ فلم ”سن آف سردار“ کی کامیابی کا بھی جائزہ لیتے چلیں۔ ”سن آف سردار“ پہلے ہی تین ہفتوں کے دوران ایک ارب 3کروڑ روپے کا بزنس کرچکی ہے ۔
XS
SM
MD
LG