رسائی کے لنکس

بھارت: وال مارٹ کی لائبنگ کے خلاف تحقیقات


وال مارٹ اسٹور کا اندرونی منظر(فائل)
وال مارٹ اسٹور کا اندرونی منظر(فائل)

بھارت میں اکثر کاروباری ادارے سرکاری عہدے داروں کے ساتھ اپنے منصوبوں پر بات چیت کرتے رہتے ہیں لیکن انہیں لائبنگ پر رقم خرچ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

بھارتی حکومت نے کہاہے کہ وہ وال مارٹ کے خلاف لائبنگ کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی شکایات کی تحقیقات کرے گی۔ عالمی سطح کی اس پرچون فروش کمپنی کو حال ہی میں بھارت میں اپنے اسٹور کھولنے کی اجازت دی گئی تھی جس پر کئی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیاتھا۔

تحقیقات کی نگرانی ایک ریٹائرڈ جج کریں گے ۔ وال مارٹ پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے بھارت سمیت بیرونی منڈیوں میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ڈھائی کروڑ ڈالر کی رقم رکھی ہے جو چار برسوں کے دوران امریکی قانون سازوں سے لائبنگ پر خرچ کی جائے گی۔

اس رپورٹ کے منظرعام پر آنے کے بعد بھارتی پارلیمنٹ میں کافی شور اٹھا۔ حزب اختلاف کے قانون ساز یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آیا بھارت میں بھی اس سلسلے میں کسی کو رشوت دی گئی ہے۔

وال مارٹ کا کہناہے کہ لائبنگ کے عمل میں کوئی غیر مناسب قدم نہیں اٹھایا گیا۔

امریکی عہدے داروں کا بھی یہ کہناہے کہ عالمی سطح کی کمپنی وال مارٹ نے کسی امریکی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی کیونکہ لائبنگ کو امریکہ میں قانونی تحفظ حاصل ہے۔

لیکن بھارت میں اپنے مفاد کے تحفظ کی خاطر اثرورسوخ پر پیسے خرچ کرنا ایک متنازعہ عمل ہے۔ اگرچہ بھارت میں اکثر کاروباری ادارے سرکاری عہدے داروں کے ساتھ اپنے منصوبوں پر بات چیت کرتے رہتے ہیں لیکن انہیں لائبنگ پر رقم خرچ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

اسی طرح بھارت میں کاروباری کمپنیاں اور ادارے سیاسی مہمات کے لیے عطیات بھی نہیں دے سکتے۔

چنانچہ پابندیوں کے باعث لائبنگ کو خفیہ رکھا جاتا ہے۔

2010 میں لائبنگ کے ایک اہم ادارے کی ٹیلی فون کالز کے ریکارڈ سے پتا چلاتھا کہ وہ اہم وزارتوں پر بعض افراد کی تعیناتی کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کررہاہے جس پر کافی احتجاج ہواتھا، کیونکہ اس سے بڑے کاروباروں اور حکومت کے درمیان خفیہ رابطے افشا ہوگئے تھے۔

وال مارٹ سے منسلک لائبنگ ، اس سلسلے کا تازہ ترین واقعہ ہے جو بھارتی حکومت سے اجازت حاصل ہونے کے بعد آئندہ تین برسوں میں وہاں اپنا اسٹور کھولنے کی منصوبہ بندی کررہاہے۔

حکومت نے پارلیمنٹ سے غیر ملکی کمپنیوں کو اپنے ملک میں اسٹور کھولنے کی اجازت دینے کی منظوری حاصل کرلی ہے۔لیکن امریکی سپر اسٹور کا قیام حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان بدستور وجہ تنازع بنا ہوا ہے۔

حزب اختلاف کا کہناہے کہ کانگریس پارٹی غیر ملکی کمپنیوں کے مفادات کا تحفظ کررہی ہے اور بڑے غیر ملکی اسٹوروں کی آمد سے ملک کے چھوٹے کاروبار تباہ ہوجائیں گے اور بڑے پیمانے پر بے روزگاری پھیل جائے گی۔
XS
SM
MD
LG