رسائی کے لنکس

برطانوی فوجی لی رگبی کے قاتلوں کو سزا


جج سیونی نے لی رگبی کے قتل کے جرم میں 29 سالہ مائیکل ایدبولاجو کو تاحیات قید کی سزا سنائی جبکہ 22 سالہ مائیکل ایدبو والو کو کم از کم 45 برس کی سزا کا حکم سنایا ہے

برطانوی فوجی لی رگبی کے قاتلوں کو لندن کی ایک عدالت میں سزا سنا دی گئی ہے۔ اس فوجی کو گذشتہ سال مئی میں لندن کے علاقے وول وچ میں قتل کیا گیا تھا۔

دریں اثناء پولیس کی گولی سے زخمی ہونے کے بعد مجرموں کو موقع واردات سے گرفتار کر لیا گیا تھا ۔
برطانوی اخبار ایوننگ اسٹینڈرڈ کی خبر کے مطابق بدھ کے روز مقدمے کی سماعت کرنے والے جج سیونی نے لی رگبی کے قتل کے جرم میں 29 سالہ مائیکل ایدبولاجو کو تاحیات قید کی سزا سنائی ہے جبکہ 22 سالہ مائیکل ایدبو والو کو کم از کم 45 برس کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ تاہم ان کی ذہنی حالت اور کم عمری کو دیکھتے ہوئے عدالت نے انھیں پیرول کی درخواست دائر کرنے کا حق دیا ہے۔
گذشتہ برس دسمبر کی اولڈ بیلی عدالت کی آٹھ خواتین اور چار مردوں پر مشتمل جیوری نے ایک طویل سماعت کے بعد دونوں کو قاتل قرار دیا تھا ۔

لیکن جسٹس سیونی نے عمر قید کی سزا کے حوالے سے ایک اہم عدالتی اپیل کے فیصلے تک مجرموں کی سزا کے اعلان کو موخر کر رکھا تھا جس میں یورپی یونین کے انسانی حقوق کے قانون کے حوالے سے سزا کا تعین کیا جارہا تھا ۔
علاوہ ازیں ملزمان کو ایک پولیس افسر کو قتل کرنے کی کوشش کے الزام میں بری کر دیا گیا تھا ۔
فیصلے سناتے ہوئے جسٹس سیونی نے مجرموں کو مخاطب کرتے ہو ئے کہا کہ "آپ نے اسلام اور برطانیہ میں رہنے والی پر امن مسلم کمیونٹی کے ساتھ دھوکہ کیا ہے جن کی برطانیہ کے لیے بڑی خدمات ہیں۔"
انھوں نے مزید کہا کہ ایدبولاجو کا کیس ایک منفرد مقدمہ تھا جس میں تاحیات قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔
جسٹس سیونی کا کہنا تھا کہ فوزیلر رگبی کے قتل کے ٹھوس شواہد کی بنا پر دونوں مجرموں کو سزا سنائی گئی ہے۔
ایدبولاجو اور ایدبووالو نے جج کے ریمارکس پر چیخنا چلانا شروع کر دیا جنھیں بعد میں کمرہ عدالت سے باہر لے جایا گیا ۔
دونوں مجرموں کی غیر موجودگی میں سزا سناتے ہوئے جج نے کہا کہ لی رگبی کو بڑی بے رحمی سے قتل کیا گیا تھا جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ میڈیا کوریج حاصل کرنا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں لندن کی اولڈ بیلی عدالت میں جیوری کو بتایا گیا تھا کہ قتل کی یہ واردات ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھی، دونوں مجرم وول وچ کے اطراف میں موجود فوجی بیرکوں کے باہر اپنے ہدف کا انتظار کر رہے تھے اور انھوں نے 25 سالہ لی رگبی کو پہلے گاڑی سے ٹکر مار کر فٹ پاتھ پر گرا دیا جس کے بعد اسے تیز دھار چاقو سے پے در پے وار کر کے ہلاک کر دیا تھا ۔
برطانوی فوجی لی رگبی کے قتل پر مسلمانوں کی جانب سے بھی مذمت کی گئی تھی ۔
XS
SM
MD
LG