رسائی کے لنکس

باؤلرز کو مشکلات درپیش ہیں: سعید اجمل


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

سعید اجمل کے مطابق بلے باز اب ایسی عجیب و غریب شاٹس کھیل رہے ہیں جو کچھ عرصہ قبل تصور میں بھی نہ تھیں ۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپن باؤلر سعید اجمل نے کہا ہے کہ کرکٹ کے محدود اوورز کے فارمیٹ میں باؤلرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔

خبر رساں ادارے "رائٹرز سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے قوانین میں تبدیلی سے باؤلرز مسلسل بدلتی ہوئی صورتحال سے دوچار ہیں۔

"وقت میں اب بہت تبدیلی آ گئی ہے اور باؤلرز کی اب وہ عزت نہیں رہی جو پہلے ہوتی تھی۔ کرکٹ بہت تیز کھیل ہو گیا ہے اور بلے باز کا رویہ بھی جارحانہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے باؤلرز کو ہر وقت دباؤ کا سامنا رہتا ہے۔"

سعید اجمل کے مطابق بلے باز اب ایسی عجیب و غریب شاٹس کھیل رہے ہیں جو کچھ عرصہ قبل تصور میں بھی نہ تھیں ۔

"بیٹسمین اب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں میچ کی شروعات میں ہی جارحانہ رویہ اختیار کر لیتے ہیں، جس کی وجہ سے باؤلرز کو ہر میچ میں کچھ نیا سوچ کر آنا پڑتا ہے۔"

سعید اجمل نے 33 ٹیسٹ میچ کھیل کر 169 اور 110 ون ڈے میچوں میں 182 وکٹیں حاصل کر رکھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب ٹیموں کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچ کے آخری 10 اوورز میں 100 رنز اسکور کرنا کوئی مشکل بات نہیں۔

"بیٹسمینوں کے لیے ہی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ بنی ہے جبکہ ون ڈے میں پانچ فیلڈرز کو دائرے کے اندر رکھنے کے قانون نے باؤلرز پر مزید دباؤ بڑھا دیا ہے۔"

ٹی ٹوئنٹی کے بین الاقوامی مقابلوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اجمل اِنگلینڈ میں ورسٹرشائر کاؤنٹی کی طرف سے جولائی تک میچز کھیلیں گے جس کے بعد وہ وطن واپس آ کر سری لنکا کے دورے کی تیاری کریں گے۔
XS
SM
MD
LG