رسائی کے لنکس

کرکٹ: اظہر علی کا استعفیٰ نامنظور


ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی (فائل فوٹو)
ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی (فائل فوٹو)

محمد حفیظ اور ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے محمد عامر کو کیمپ میں شامل کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ’اسپاٹ فکسنگ‘ میں ملوث سزا یافتہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کو قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شامل کیے جانے کے معاملے پر ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے ان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا۔

اظہر علی نے منگل کو لاہور میں چیئرمین ’پی سی بی‘ شہریار خان سے ملاقات کی جس میں انھوں نے کپتانی سے مستعفی ہونے کی پیش کش کی لیکن شہریار خان نے اُنھیں کہا کہ وہ بطور کپتان اپنی ذمہ داری نبھاتے رہیں جس پر اظہر علی نے کپتانی جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کر دی۔

کرکٹ کھیلنے پر پانچ سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد محمد عامر کو ٹیم میں شامل کرنے یا نہ کرنے کے معاملے پر کھلاڑیوں کی منقسم رائے ہے۔

بعض سینیئر کھلاڑی بشمول محمد حفیظ اور ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے محمد عامر کو کیمپ میں شامل کرنے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس صورت میں وہ کیمپ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

تاہم گزشتہ ہفتہ لاہور میں ’پی سی بی‘ کے چیئرمین شہریار خان سے ملاقات کے بعد یہ دونوں کرکٹر کیمپ میں شامل ہونے پر تیار ہو گئے تھے۔

محمد عامر کو اگست 2010 میں انگلینڈ کے خلاف ہونے والے ایک ٹیسٹ میچ میں دیگر دو پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر پابندی اور قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

XS
SM
MD
LG