رسائی کے لنکس

جنرل راحیل شریف کانفرنس میں شرکت کے لیے جرمنی پہنچ گئے


جنرل راحیل کا یہ دورہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کی نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سترویں اجلاس کے موقع پر جرمن چانسلر آنگیلا مرخیل کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے ایک روز بعد ہو رہا ہے۔

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر پیر کو جرمنی کے شہر میونخ پہنچے، جہاں وہ وسطی اور جنوبی ایشیا کی سلامتی کے موضوع پر ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

جنرل راحیل کا یہ دورہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کی نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سترویں اجلاس کے موقع پر جرمن چانسلر آنگیلا مرخیل کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے ایک روز بعد ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ گفتگو میں چانسلر مرخیل نے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے، خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

پاکستان کو گزشتہ ایک دہائی سے دہشت گردی اور عسکریت پسندی کا سامنا ہے۔

پاکستانی فوج نے گزشتہ سال جون میں قبائلی علاقے شمالی وزیر ستان میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کے خلاف ’ضرب عضب‘ کے نام سے بھرپور آپریشن شروع کیا تھا۔

جس کے بعد پاکستان کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے ایک بڑے حصے کو عسکریت پسندوں سے پاک کر دیا گیا ہے اور چند ایک مقامات پر چھپے عسکریت پسندوں کے خاتمے لیے کارروائی جاری ہے۔

پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت بار ہا اس عزم کا اعادہ کر چکی ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

XS
SM
MD
LG