رسائی کے لنکس

موسیقار اے آر رحمان کی تامل نغمہ ’نہ نہ’ کے لیے اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزدگی


موسیقار اے آر رحمان
موسیقار اے آر رحمان


بھارت کے مایہ ناز موسیقار اے آر رحمان کو اس سال پھر ہالی وڈ کامیڈی فلم ’کپلس ری ٹریٹ’ کے ہٹ تمل نغمہ ’نہ نہ’ کے لیے 82 ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے بہترین نغمے کے زمرے میں نامزدگی ملی ے۔ حالانکہ اگلے ماہ دو فروری کو آسکر کے لیے حتمی نامزدگیوں کا اعلان کیا جائے گا مگر خود رحمان نے تصدیق کردی ہے کہ اُن کے تمل گانے کو آسکر کی دوڑ میں شامل 62 نغموں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پیر کے روز ہی بھارت کے شہر چیننئی میں رحمان نے اپنی ہالی ووڈ فلم کپلس ری ٹریٹ کا میوزک البم ریلیز کیا ہے۔ تمل، ہندی، سنسکرت اور اسپین اِن چار زبان میں لکھے گئے اِس البم کے بول اسے خاص بناتے ہیں۔

گزشتہ سال برطانوی فلمساز ڈینی بوئلے کی فلم سلم ڈاگ ملینیئر میں شاندار موسیقی کے لیے دو آسکر جیتنے والے اے آر رحمان کو لگاتار دوسری بار بہترین گانے کے لیے نامزدگی ملی ہے۔ ابھی لوگ رحمان کے سپر ہٹ گانے جے ہو کی مسحور کن دھن کو بھلا بھی نہیں پائے تھے کہ رحمان کے تیار کیے ہوئے نئے نغمے نہ نہ نے ہالی وڈ میں دھوم مچا کر رکھ دی ہے۔

خیال رہے کہ بطور موسیقار کپلس ری ٹریٹ رحمان کی پہلی ہالی وڈ فلم ہے۔ اور ہالی وڈ کے پہلے پڑاؤ پر ہی رحمان کو ایک بار پھر آسکر کے لیے مضبوط دعویدار کے طور دیکھا جارہا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آسکر کے لیے نامزدگی حاصل کرنے والے نہ نہ نغمے کو خود رحمان نے لکھا ہے۔ ِاس گانے کی نامزدگی اس اعتبار سے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ اس کے کچھ حصوں کو رحمان کے صاحبزادے اے آر امین نے گایا ہے۔

عالمی سطح پر رحمان کی موسیقی کی مقبولیت کا اندازہ اِس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے رشتوں میں پیدا ہوئی کشیدگی کے باوجود رحمان نے سنیچر کے روز سڈنی شہر میں اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کرکے سینکڑوں لوگوں کا دل جیت لیا۔

XS
SM
MD
LG