رسائی کے لنکس

عراق: اغوا ہونے والی خاتون صحافی بازیاب


مغوی صحافی کی تلاش کے لیے سکیورٹی اہلکار سرگرم۔ 27 دسمبر 2016
مغوی صحافی کی تلاش کے لیے سکیورٹی اہلکار سرگرم۔ 27 دسمبر 2016

چند مسلح افراد خود کو سکیورٹی اہلکار بتاتے ہوئے افراح کی گھر میں داخل ہوئے اور انھیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

عراق میں ایک ہفتہ قبل اغوا ہونے والی خاتون صحافی بحفاظت بازیابی ہو گئی ہیں۔

صحافی افراح شوقی القیسی کی بہن نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ وہ بحفاظت گھر پہنچ گئی ہیں۔ لیکن تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ ان کی بازیابی کس طرح عمل میں آئی۔

گزشتہ ہفتے پیر کو چند مسلح افراد خود کو سکیورٹی اہلکار بتاتے ہوئے افراح کی گھر میں داخل ہوئے اور انھیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد یہاں سے زیوارت، رقم، لیپ ٹاپس اور گاڑی بھی لے گئے۔

یہ خاتون صحافی عراقی حکومت کی بڑی ناقد ہیں اور مختلف ویب سائیٹ کے علاوہ چند مقامی اشاعتوں کے ساتھ بھی وابستہ ہیں۔ وہ ملک کی وزارت ثقافت میں ملازمت بھی کرتی ہیں۔

افراح کے اغوا کی خبر سامنے آنے پر وزیراعظم حیدر العبادی نے سکیورٹی ایجنسیز کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ "صحافیوں پر دباؤ" ڈالنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

عراق کا شمار دنیا میں صحافیوں کے لیے خطرناک ترین سمجھے جانے والے ملکوں میں ہوتا ہے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" کے مطابق اغوا سے ایک ہفتہ قبل مقامی ذرائع ابلاغ میں افراح کا ایک اداریہ شائع ہوا تھا کہ جس میں انھوں نے وزارت داخلہ کے ایک افسر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اس افسر کے بارے میں بتایا گیا کہ انھوں نے اسکول کے بچوں اور اساتذہ کے سامنے پرنسل کو صرف اس بنا پر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا کہ پرنسل نے افسر کی بیٹی سے جھگڑا کرنے والے طالب علم کو سزا دینے سے انکار کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG