رسائی کے لنکس

لیتھم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سینچری اسکور کی لیکن وہ راحت علی کی گیند پر 103 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں پاکستان کو 304 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔

منگل کو ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ نے اپنی اننگز بغیر کسی نقصان کے 15 رنز سے دوبارہ شروع کی۔

لیتھم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سینچری اسکور کی لیکن وہ راحت علی کی گیند پر 103 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اینڈرسن 48 اور واٹلنگ 42 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی طرف سے راحت علی نے چار، ذوالفقار بابر نے تین جب کہ محمد حفیظ اور یاسر شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 566 رنز بنا کر اپنی اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس اننگز کی خاص بات احمد شہزاد،کپتان مصباح الحق اور یونس خان کی سینچریاں تھیں۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچ، دو ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی کرکٹ سیریز کھیلے گا۔۔

XS
SM
MD
LG