رسائی کے لنکس

اداکار جارج اور امل کلونی کی 'پیار کی کشتی'


ذرائع کا کہنا ہے کہ جارج اور امل کلونی اس کشتی کو دریائے ٹیمز کے پانیوں پر چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں

ہالی وڈ اسٹار جارج کلونی اور ان کی لبنانی نژاد برطانوی اہلیہ امل کلونی کے شادی شدہ رشتے میں ناچاقی سے متعلق تمام افواہوں نے اس وقت دم توڑ دیا جب اس ہفتےخوبصورت جوڑے نے ان کے دریائے ٹیمز پر واقع شاندار گھر کے لیے ایک 'لو بوٹ' یا کشتی خرید لی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جارج اور امل کی شادی شدہ زندگی میں سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔

لگتا ایسے ہے کہ ہالی وڈ کے اس خوبصورت جوڑے کو پانیوں سے گھرے جزیرے پسند ہیں۔ ستمبر2014 ء میں پانیوں کے شہر وینس، اٹلی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور انھوں نے اپنی نئی شادی شدہ زندگی کی شروعات بھی دریائے ٹیمز کے ایک جزیرے پر دس ملین پاؤنڈ کا محل نما گھر خرید کر کی تھی۔

ڈیلی میل کے مطابق 55 سالہ ہالی وڈ اسٹار جارج کلونی کے برکشائر کی شاندار حویلی کی تزئین و آرائش کا کام اب بھی جاری ہے تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جوڑے کو مبینہ طور پر دریائے ٹیمز پر 13,200 پاؤنڈ کی مہنگی کشتی چلاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

جوڑے نے اپنے نو کمروں، لائبریری، جم، سینما اور مہمانوں کے لیے علیحدہ سے کاٹیج سمیت وسیع و عریض باغات پر مشتمل گھر کی تزئین و آرائش کے لیے لگ بھگ 20 ملین پاؤنڈ کی رقم خرچ کی ہے جبکہ دریائے ٹیمز کے خوبصورت محل وقوع کے ساتھ ان کی ملٹی ملین جائیداد میں اب ہزاروں پاؤنڈ کی ایک کشتی بھی شامل ہو گئی ہے۔

دو مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنے والے اداکار جارج اور انسانی حقوق کی بیرسٹر امل کلونی کی رومانوی شادی کو برسوں یاد رکھا جائے گا اور جارج کلونی کی ان کی اہلیہ کے لیے محبت کا اندازا اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے محل کی رومانوی تزئین و آرائش کا کام کرنے والے بلڈرز سے جارج نے کہا کہ امل جو چاہتی ہے، وہ اسے ملتا ہے۔

جارج اور امل کلونی اس کشتی کو دریائے ٹیمز کے پانیوں پر چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں ایک مقامی خاتون نے ذرائع کو بتایا کہ اچھا ہے کہ کلونی ایک انگریزی دیہی علاقے کو خوبصورت بنا رہے ہیں لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ دریائے ٹیمز کے کنارے پر خوبصورت جوڑے کو دیکھنے کے لیے آنے والے مداحوں کا تانتا نہیں بندھے گا۔

خوبرو امل کلونی کے خوابوں کا گھر ساڑھے پانچ ایکڑ جزیرے پر واقع ہے جو دریائے ٹیمز کے خوبصورت حصوں میں سے ایک ہے یہاں ان کی ہمسایہ برطانیہ کی نئی وزیر اعظم ٹریسا مے ہیں۔

اداکار جارج کلونی اٹلی میں جھیل کومو پر واقع ایک شاندار گھر کے بھی مالک ہیں۔

کچھ دنوں پہلے اسٹار میگزین نے دعویٰ کیا تھا کہ جارج اور امل کلونی کی شادی خطرے میں ہے اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ مئی میں کانز میں 69 ویں فلم فیسٹیول میں جوڑے کو جھگڑا کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا جبکہ حال ہی میں امل کی طرف سے جارج کلونی کے چہرے کی پلاسٹک سرجری کرانے کے فیصلے پر تکرار ہوئی۔

مارچ کے مہینے میں بھی جارج کلونی کی طرف سے امل کلونی کو دھوکہ دینے کی افواہیں گرم رہیں جب اداکار جارج کلونی کو کیلی فورنیا میں ایک خاتون کے ساتھ نزدیکیاں بڑھاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG