رسائی کے لنکس

زہرہ سہگل کوپدم ویبھوشن کا اعزاز


زہرہ سہگل
زہرہ سہگل

زہرہ سہگل زندگی کی اب ایک صدی مکمل کرنے والی ہے اور انہوں نے اس عرصے میں بہت سے انقلابات دیکھے ہیں اور ان انقلابات کو اپنی زندگی کا محور بنایا ہے ۔ ان کے لئے دنیا صرف ایک اسٹیج ہے اور اس اسٹیج پر کام کرنے والے اداکار ہیں ۔ گزشتہ دنوں انہیں بھارت کادوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز پدم ویبھوشن دیا گیا۔
زہرہ کی پیدائش سہارن پور کے ایک بڑے زمیندار گھرانہ میں 27 اپریل سنہ 1912 کو ہوئی تھی ۔ ان کے سات بھائی بہن تھے۔

ان لوگوں کا تعلق روہیلا پٹھان خاندان سے ہے جو بنیادی طور پراتر پردیش کے رام پور گھرانہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔

ان کی ابتدائی تعلیم چکراتا میں ہوئی تھی جو دہرا دون کے قریب ہے اور انہیں روایتی اسلامی تعلیم بھی دی گئی تھی ۔ بعد میں وہ کوئن میری گرلس کالج لاہور گئیں اس کے بعد انہوں نے لندن، جرمنی ، مصر اور یوروپ کے کئی ممالک کا سفر کیا۔

ان کی دلچسپی بچپن سے ہی رقص اور اداکاری سے تھی ۔ وہ مشہور رقاص ادئے شنکر سے بہت متاثر تھیں ۔ انہوں نے ادئے شنکر کے ساتھ 8 برس کام کیا ۔ بعد میں انگریزی اور ہندی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔ وہ انڈین پپلز تھیٹر ایسو سی ایشن ( ایپٹا ) اور پرتھوی راج کپور تھیٹر سے بھی وابستہ رہیں ۔ انہوں نے سنہ 1942 میں کامیشو ر سہگل سے شادی کی تھی اور ان کی شادی کی تقریب میں جواہر لال نہرو بھی شریک ہوئے تھے ۔ کامیشور بنیادی طور پر سائنسداں تھے ۔ لیکن اس کے علاوہ ان کا مصوری اور رقص سے بھی تعلق تھا ۔ ان کے خاندان کا تعلق لاہور سے تھا ۔
زہرہ سہگل نے تین درجن سے بھی زائد فلموں اور ڈراموں میں کام کیا اور ہر بار اپنی اداکاری کے جھنڈے گاڑ دئے ۔ ان کے یہاں مکالموں کی ادائیگی میں جو برجستگی نظر آتی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے ۔ وہ اداکاری میں نئی جان ڈال دیتی ہیں اس لئے زہرہ سہگل کی اداکاری میں مصنوعی پن کا احساس تک نہیں ہوتا ۔ ان کے جو ڈرامے اور فلمیں بہت مشہور ہوئیں ان میں دھرتی کے لال، نیچا نگر ، افسر ، چلو عشق لڑائیں ، سایہ ، کل ہونہ ہو ، ویر زارا ، چینی کم اور سانوریا بہت مقبول ہوئے اور ان کی اداکاری نے داد و تحسین حاصل کی ۔
زہرہ سہگل کو فلم اور ڈرامے کی خدمات کے لئے متعدد انعامات و اعزازات سے نوازا گیا جن میں پدم شری، کالی داس سمان، سنگیت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ اور سنگیت ناٹک فیلو شپ شامل ہےں ۔ اب انہیں صدر جمہوریہ ہند نے بھارت کے دوسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم ویبھوشن سے نوازا ہے ۔

XS
SM
MD
LG