رسائی کے لنکس

برٹ ایوارڈز کا قرعہ برطانوی گلوکارہ ایڈل کے نام


لندن کے ’اوٹو ایرنا‘ میں برطانیہ کے ’گریمی ایوارڈز‘ کہلائے جانے والے ’برٹ ایوارڈز‘ میں ایڈل نے بہترین برٹش البم، بہترین گانا، بہترین برٹش خاتون سولو آرٹسٹ کے ایوارڈز جیتے

لندن کی سرد اور خوبصورت شام میں روشنیوں سے جگمگاتا اور رنگوں سے سجا ’برٹ ایوارڈز‘ کافیسٹیول اس بار برطانوی گلوکارہ ایڈل نے چار ایوارڈز جیت کر اپنے نام کر لیا۔

لندن کے ’اوٹو ایرنا‘ میں برطانیہ کے ’گریمی ایوارڈز‘ کہلائے جانے والے ’برٹ ایوارڈز‘ میں ایڈل نے بہترین برٹش البم، بہترین گانا، بہترین برٹش خاتون سولو آرٹسٹ کے ایوارڈز جیتے۔

جسٹن بیبر نے انٹرنشنل سولو آرٹسٹ کا ایوارڈ جیتا، جبکہ برطانوی سنگر جیمز بے کو برٹش میل سولو آرٹسٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔

’ڈیلی میل‘، ’دی ٹیلگراف‘،’سی این این‘ اور دیگر عالمی میڈیا نے’ برٹ ایوارڈز‘ کو نمایاں کوریج دی۔

برطانوی بینڈ ’کولڈپلے‘ کو بہترین برٹش گروپ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔کیٹ فش اینڈ دا بوٹل مین نے’ برٹش بریک تھرو ایوارڈ‘ حاصل کیا۔

’ون ڈائریکشن‘ نے عمدہ پرفارمنس پر بہترین برطانوی ویڈیو کی ٹرافی اپنے نام کی۔ ان کا انتخاب سوشل میڈیا پرووٹنگ کے ذریعے کیا گیا۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ لارڈی نے آنجہانی برطانوی سنگر اور میوزک کمپوزر ڈیوڈ بووی کے مشہور گانے گا کر جذباتی انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔

ڈیوڈ بووے کو بعد ازمرگ ’آئیکون ایوارڈ‘ دیا گیا۔ موسیقی کی دنیا کے مشہور ستاروں کی شاندار پرفارمنس سے تقریب میں چارچاند لگا دئیے۔

XS
SM
MD
LG