رسائی کے لنکس

بگرام ائر بیس پر عسکریت پسندوں کا حملہ


بگرام ائر بیس پر عسکریت پسندوں کا حملہ
بگرام ائر بیس پر عسکریت پسندوں کا حملہ

نیٹو کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز طالبان باغیوں نے افغانستان میں نیٹو کے بڑے اڈوں میں سے ایک پر، ڈھٹائی کے ساتھ حملہ کیا، جِس میں ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک، اور کم سے کم نو امریکی فوجی زخمی ہوئے۔

نیٹو نے کہا ہے کہ علی الصبح افغانستان میں امریکی بگرام ایئر بیس پر ہونے والے اِس حملے میں کم از کم دس حملہ آوروں کو ہلاک کیا گیا۔ بگرام، افغان دارالحکومت سے 60کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔

کچھ حملہ آورخودکش جیکٹیں پہنے ہوئے تھے اور چھوٹے اسلحے ، راکٹوں اور دستی بموں سے لیس تھے۔ حملہ آوروں نے بیس کے اندر گھُسنے کی کوشش کی۔ لیکن، بگرام ایئر بیس کی ایک ترجمان، میجر وَرجینیا میک بے، کا کہنا ہے کہ حملہ آور فوجی احاطے تک رسائی حاصل نہیں پائے۔ اُنھوں نے کہا کہ حملے میں ایک عمارت کو معمولی نقصان پہنچا۔

گولیوں کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے کے بعد ختم ہوا۔

طالبان کا کہنا ہے کہ وہ اِس حملے کے ذمے دار ہیں۔ اُن کے ایک ترجمان نے دعویٰ کیا کہ حملے میں 20خودکش حملہ آور شامل تھے۔

نیٹو کے مطابق، بدھ کو جنوبی افغانستان میں ہونے والےایک بم دھماکے میں ایک فوجی ہلاک ہوا۔

تشدد کے واقعات ایک روز قبل کابل میں نیٹو کے قافلے پر طالبان کے حملے کے بعد ہوئے جِن میں کم از کم 18افراد ہلاک ہوئے، جِن میں سے پانچ کا تعلق امریکہ اور ایک کا کینیڈا سے تھا۔ 12افغان شہری بھی ہلاک ہوئے۔

افغانستان میں نیٹو کے اعلیٰ سولین نمائندے، مارک سیڈوِل نے بدھ کو خبر دار کیا کہ آئندہ دِنوں میں باغیوں کے مزید حملے ہونے کا خطرہ ہے۔ لیکن، اُنھوں نے کہا کہ تشدد کے واقعات سے ملک میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کے بین الاقوامی عزم میں کسی قسم کا کوئی فرق نہیں آئے گا۔

XS
SM
MD
LG