رسائی کے لنکس

جلال آبا د میں نیٹو کے فوجی اڈے پر طالبان کا حملہ


جلال آبا د میں نیٹو کے فوجی اڈے پر طالبان کا حملہ
جلال آبا د میں نیٹو کے فوجی اڈے پر طالبان کا حملہ

نیٹوحکام نے کہا ہے کہ مشرقی افغانستان میں اِس کے ایک فوجی ہوائی اڈے پر بدھ کی صبح طالبان باغیوں نے ایک حملہ کیا جسے پسپا کردیا گیا۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق عسکریت پسندوں نے جلال آباد شہر میں ہوائی اڈے پر اچانک دھاوا بول دیا اور داخلی دروازے پر ایک کاربم دھماکا کرنے کے بعداس فوجی تنصیب پر راکٹ برسانا شروع کردیے۔

تاہم نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ افغان اور بین الاقوامی فوجوں نے جنگجوؤں کو اندر داخل ہونے سے روک دیا۔ اس جھڑپ میں کئی طالبان کو ہلاک کردیا گیا جبکہ کم ازکم دو فوجی زخمی ہو گئے۔

بعد میں جاری ہونے والے نیٹو کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی افغانستان میں ایک حملے میں ایک غیر ملکی فوجی ہلاک ہو گیا تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔

طالبان جنگجوؤں نے اس حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُس کے چھ خودکش بمباروں نے اس میں حصہ لیا۔

جلال آباد میں کی گئی کارروائی افغانستان میں نیٹو کے کسی فوجی اڈے پر طالبان کاتیسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل مئی میں کابل کے شمال میں بگرام ائر بیس پر جنگجوؤں نے ایک منظم حملہ کیا تھا۔

دریں اثناء نیٹو نے کہا ہے کہ افغان اور غیرملکی افواج نے جنوبی صوبے ہلمند میں ایک مشترکہ کارروائی کر کے ایک ہزار سات سو پچاس (1,750 ) کلوگرام ایمونیم نائٹریٹ برآمد کیا ہے ۔ یہ کیمیائی مواد کھاد بنانے کے کام آتا ہے لیکن عسکریت پسند اکثر اسے سڑکوں میں نصب کیے جانے والے دیسی ساخت کے بموں میں بھی استعمال کرتے ہیں۔

منگل کو ہی کابل میں اقوام متحدہ کے ادارے کی ایک گاڑی میں سفر کرنے والے عالمی تنظیم کے ایک ملازم کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG