رسائی کے لنکس

افغانستان میں پانچ نیٹو فوجی ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج نے کہا ہے کہ شدت پسندوں کے حملوں میں پانچ غیر ملکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

نیٹو کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق دو فوجی پیر کو ملک کے جنوبی اور مشرقی علاقے میں علی الصباح ہونے والے بم دھماکوں میں ہلاک ہوئے جب کہ ایک اور فوجی مشرقی علاقے میں شدت پسندوں کے ایک حملے میں مارا گیا۔

ایک روز قبل بھی انھی علاقوں میں شدت پسندوں کی کارروائیوں میں دو فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

اتوار کو افغان حکومت نے شمال مشرقی صوبے کُنڑ میں شدت پسندوں پر نیٹو کے حالیہ حملوں کے بارے میں اپنی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کارروائیوں میں 65 عام شہری ہلاک ہوئے۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق نیٹو کے فضائی اور زمینی آپریشنز میں 21 لڑکے، 19 لڑکیاں، 10 خواتین اور 15 مرد ہلاک ہوئے۔

تحقیقات کی سربراہی کرنے والے عہدے دار شہزادہ مسعود نے جرمن نیوز ایجنسی ’ڈی پی اے‘ کو بتایا کہ بیشتر ہلاکتیں پاکستانی سرحد کے قریب ایک گاؤں پر فضائی حملے کے دوران ہوئیں۔

نیٹو نے شہریوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

XS
SM
MD
LG