رسائی کے لنکس

امریکی فوجیوں کے ہاتھوں لاشوں کی بے حرمتی قابلِ مذمت: نیٹو


امریکی فوجیوں کے ہاتھوں لاشوں کی بے حرمتی قابلِ مذمت: نیٹو
امریکی فوجیوں کے ہاتھوں لاشوں کی بے حرمتی قابلِ مذمت: نیٹو

افغانستان میں تعینات نیٹو افواج نے بظاہر اپنے بعض اہلکاروں کی جانب سے مشتبہ طالبان شدت پسندوں کی لاشوں کی بے حرمتی کو ’’ناقابلِ فہم‘‘ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ذرائع ابلاغ کو موصول ہونے والی اس ویڈیو فلم میں نیٹو کے یونیفارم میں ملبوس چار فوجیوں کو زمین پر پڑی تین خون آلود لاشوں پر پیشاب کرتے دکھایا گیا ہے اور اس دوران وہ کیمرے کی طرف دیکھ کر مسکرا بھی رہے ہیں۔

کابل میں اتحادی افواج کے دفتر سے جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو فلم میں دکھائے جانے والے مناظر بین الاقوامی افواج کے لیے وضع کردہ اعلیٰ اخلاقی اقدار کے منافی ہیں۔

’’ایساف (انٹرنیشنل سکیورٹی اسسنٹنس فورس) ویڈیو میں دکھائے گئے عمل کی سخت مذمت کرتی ہے جو بظاہر امریکیوں کے ایک چھوٹے گروہ نے کیا جو اب افغانستان میں خدمات سر انجام نہیں دے رہے ہیں۔‘‘

اتحادی افواج کا کہنا ہے کہ متعلقہ امریکی تحقیقاتی ادارے نے اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ایک روز قبل واشنگٹن میں محکمہ دفاع نے بھی اس عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ امریکی افواج کی ’’بنیادی اقدار‘‘ کے منافی ہے جو مرینز فورسز کے کردار کی نمائندگی نہیں کرتا ہے۔

ویڈیو فلم کے مناظر میں ایک اتحادی فوجی مضحکہ خیز انداز میں یہ کہتے ہوئے بھی سنائی دیتا ہے کہ ’’دوست تمھیں اچھا دن نصیب ہو‘‘۔

افغان صدر حامد کرزئی نے جمعرات کو جاری کیے گئے ایک بیان میں ایک امریکی فوجیوں کے اس فعل کو ’’سفاکانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے ان اہلکاروں کو قوائد و ضوابط کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے، جب کہ افغان وزارت دفاع کے مطابق یہ ایک ’’خوفناک‘‘ واقعہ ہے۔

مبصرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ویڈیو فلم افغانستان میں امریکہ مخالف جذبات میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

ماضی میں بھی امریکہ کی زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد کے فوجی مشتبہ طالبان جنگجوؤں کی لاشوں کی بے حرمتی اور غیر قانونی طور پر افغانوں کو ہلاک کرنے کے واقعات میں ملوث پائے گئے ہیں۔

گزشتہ نومبر میں امریکہ کے ایک فوجی پینل نے محض تفریح طبع کے لیے افغان باشندوں کو ہلاک کرنے اور اُن کے جسم کے اعضا بطور انعام اپنے پاس رکھنے کے جرم میں ایک امریکی اسٹاف سارجنٹ کیلون گبِز کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

XS
SM
MD
LG