رسائی کے لنکس

افغانستان: صحافی کے قاتل اہلکار کو 20 سال قید کی سزا


مقتول صحافی کی تصویر
مقتول صحافی کی تصویر

ملزم پولیس اہلکار نے 2014ء کے صدارتی انتخابات کے دوران معروف جرمن نیوز فوٹوگرافر آنجا نیدریگوث کو افغان صوبے خوست میں فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

افغانستان کی ایک عدالت نے 2014ء میں ایک غیر ملکی فوٹوگرافر کوقتل کرنے والے پولیس اہلکار کو 20 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ملزم پولیس اہلکار نے 2014ء کے صدارتی انتخابات کے دوران معروف جرمن نیوز فوٹوگرافر آنجا نیدریگوث کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

آنجا اور ان کی ساتھی کینیڈین رپورٹر کیتھی گینن افغانستان کے مشرقی صوبے خوست میں انتخابی سرگرمیوں کی کوریج کے لیے ایک سرکاری عمارت کے احاطے میں موجود تھیں جب پولیس اہلکار نے ان پر فائرنگ کردی تھی۔

فائرنگ کے نتیجے میں 48 سالہ آنجا موقع پر ہی ہلاک ہوگئی تھیں جب کہ ان کی ساتھی رپورٹر شدید زخمی ہوئی تھیں۔

دونوں خواتین امریکی ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے منسلک تھیں اور گزشتہ کئی دہائیوں سے افغانستان کی کوریج پر مامور تھیں۔

قتل کی اس واردات کی سماعت کرنے والی ایک ذیلی عدالت نے مجرم کو موت کی سزا سنائی تھی جسے ایک اعلیٰ عدالت نے 20 سال قید میں بدل دیا تھا۔

'رائٹرز' کے مطابق اسے اتوار کو کابل میں سپریم کورٹ کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ اعلیٰ ترین عدالت نے مجرم کی سزا برقرار رکھتے ہوئے اس کی نظرِ ثانی کی اپیل مسترد کردی ہے۔

XS
SM
MD
LG