رسائی کے لنکس

افغانستان میں تعمیر نو کے سلسلے میں بھارتی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے منگل کو نئی دہلی میں بات چیت کی۔

گزشتہ سال اکتوبر میں طے پانے والے اسٹریٹیجک شراکت داری کے معاہدے کے بعد بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا اور اُن کے افغان ہم منصب زلمے رسول کی یہ پہلی ملاقات تھی۔

دوطرفہ مذاکرات کے ابتدائی مرحلے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اُن کا ملک تعمیر نو کے لیے مالی وسائل کی دستیابی کی کوششوں میں افغانستان کی مدد کرے گا۔

ایس ایم کرشنا نے کہا کہ وہ جلد ہی ایسے علاقائی سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گے جو افغانستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

اس موقع پر افغان وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت پہلے ہی افغان سکیورٹی فورسز کی استعداد کار میں اضافے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ افغان سکیورٹی فورسز کی تربیت اور اُنھیں سامان حرب سے لیس کرنے کے لیے بھارت سے بات چیت کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

زلمے رسول نے کہا کہ 2014ء کے اختتام تک افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کے بعد مقامی افواج مکمل طور پر سلامتی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گی۔

افغان وزیرِ خارجہ دورہِ بھارت کے دوران وزیرِ اعظم منموہن سنگھ اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

XS
SM
MD
LG