رسائی کے لنکس

افغانستان: ہلمند میں لڑائی درجنوں ہلاک و زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

صوبائی پولیس سربراہ عبد القیوم کے حوالے سے کہا ہے کہ اب تک کم از کم 13 پولیس اہلکار اور آٹھ فوجی ہلاک ہوئے جب کہ 100 طالبان جنگجو بھی مارے جا چکے ہیں۔

افغانستان کے جنوب میں طالبان جنگجوؤں کی طرف سے ایک علاقے پر قبضہ کرنے کے لیے جاری لڑائی میں حکام کے مطابق درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کو صوبہ ہلمند کی حکومت کے ترجمان عمر زواک نے بتایا کہ لگ بھگ 800 طالبان جنگجوؤں نے ضلع سنگین میں حکومت کے دفاتر اور پولیس کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

صوبہ ہلمند کے ترجمان کے مطابق سینکڑوں تازہ دم افغان فوجی علاقے میں پہنچ رہے ہیں جہاں گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔

رائیٹرز نے صوبہ ہلمند کے پولیس سربراہ عبد القیوم کے حوالے سے کہا ہے کہ اب تک کم از کم 13 پولیس اہلکار اور آٹھ فوجی ہلاک ہوئے جب کہ 100 طالبان جنگجو بھی مارے جا چکے ہیں۔

اُنھوں نے شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی تاہم اُن کا کہنا تھا کہ لڑائی میں لگ بھگ 40 عام افغان بھی ہلاک ہوئے۔

طالبان کے ترجمان کی جانب سے اس بارے میں فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق صوبہ ہلمند کے ضلع سنگین میں پانچ روز سے لڑائی جاری ہے اور علاقے سے تقریباً دو ہزار خاندانوں نے نقل مکانی بھی کی۔

گزشتہ ہفتے صوبہ ہلمند ہی میں ایک دھماکے میں تین امریکی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

ہلاکتوں کی تعداد کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG