رسائی کے لنکس

افغان بچے کے لیے میسی کی شرٹ کا تحفہ


مرتضیٰ احمدی
مرتضیٰ احمدی

مرتضیٰ احمدی کو میسی کی طرف سے بھیجے گئے تحفے میں ارجٹنائن اور بارسلونا کی فٹبال ٹیموں کی شرٹس اور ایک فٹبال بھی شامل ہے۔

افغانستان کے اس پانچ سالہ بچے کو معروف فٹبالر لیونل میسی کی طرف سے جرسی کا تحفہ پیش کیا گیا ہے جس کی ایک تصویر نے انٹرنیٹ پر اس وقت دھوم مچا دی جب اسے پلاسٹک بیگ سے بنی شرٹ پہنچے دکھایا گیا جس پر میسی کا نام اور نمبر لکھا تھا۔

مشرقی صوبے غزنی کے علاقے جاغوری سے تعلق رکھنے والے بچے مرتضیٰ احمدی کو میسی کی طرف سے بھیجے گئے تحفے میں ارجنٹائن اور بارسلونا کی فٹبال ٹیموں کی شرٹس اور ایک فٹبال بھی شامل ہے۔

میسی اقوام متحدہ کے لیے خیرسگالی کے سفیر بھی ہیں۔

گزشتہ ماہ اس بچے کے والد عارف احمدی نے بتایا تھا کہ مرتضیٰ نے اس سے اپنے ہیرو فٹبالر میسی کی شرٹ جیسی جرسی کی فرمائش کی تھی لیکن ایسا کرنا ان کی پہنچ میں نہیں تھا۔

لہذا انھوں نے فیصلہ کیا کہ مرتضیٰ کو نیلی اور سفید دھاریوں والا پلاسٹک بیگ پہنا کر اس کا شوق پورا کر دیں۔

اس بچے کی تصویر نے انٹرنیٹ پر خاصی شہرت حاصل کو جو بالآخر میسی تک بھی پہنچی جنہوں نے اس بچے سے ملنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

اسی شہرت کے باعث مرتضیٰ نے رواں ماہ کے اوائل میں افغانستان کی نوجوان فٹبال ٹیم کے ساتھ غزنی اور کابل میں فٹبال بھی کھیلا۔

افغان فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ وہ میسی کے نمائندوں سے رابطے میں ہیں اور وہ جلد ہی مرتضیٰ کی ملاقات اس کے پسندیدہ کھلاڑی سے کروانے کا بندوبست کریں گے۔

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے لیونل میسی نے گزشتہ ماہ ہی دنیا کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ انھیں یہ ایوارڈ پانچویں مرتبہ ملا ہے۔

XS
SM
MD
LG