رسائی کے لنکس

جنگجوؤں کے حملوں کی براہ راست خبر رسانی پر پابندی نہیں ہے: افغان حکومت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغان اور بین الاقوامی فوجیں صوبہ ہلمند کے شہر مرجاہ میں بدستور اپنے ٹھکانوں کو مستحکم کررہی ہیں

افغان عہدے داروں نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ ذرائع ابلاغ کو جنگجوؤں کے حملوں کو براہ راست ٹیلی ویژن پر دکھانے سے منع کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس بارے میں صرف نئے رہنما خطوط کا جائزہ لے رہے ہیں کہ اس قسم کے واقعات کی اطلاعات ذمّے داری کے ساتھ کس طرح فراہم کی جائیں۔

صدر کے ترجمان وحید عمر نے کابل میں نامہ نگاروں سے کہاہے کہ حکام کو اس بارے میں تشوش ہے کہ جنگجو گروپ ٹیلی ویژن پر براہ راست دکھائے جانے والے حملو ں کے مناظر کو دیکھتے ہیں اور پھر اپنے لشکریوں کو وہ اطلاعات فراہم کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ عہدے دار اطلاعات رسانی یا اہم واقعات تک ذرائع ابلاغ کی رسائى پر کوئى پابندی عائد کیے بغیر نئے رہنما خطوط تیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

اس سے پہلے افغان انٹیلی جینس کے عہدے داروں نے انفرادی طور پر خبر رساں ایجنسیوں کو حملوں کے مناظر براہ راست نشر کرنے پر کسی پابندی کی اطلاع دی تھی۔جس پر بعض اداروں نے شکایت کی تھی کہ اس قسم کی سینسر شِپ افغان آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔

واشنگٹن نے افغان حکومت کے اقدام کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔ افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی رچرڈ ہال بروک نے منگل کے روز کہا ہے کہ امریکہ ایک آزاد پریس کی حمایت کرتا ہے۔

ہال بروک نے کہا ہے کہ وہ اور وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن آزاد پریس کے معاملات کے بارے میں افغان حکومت کو امریکہ کے نقطہ نظر سے آگاہ رکھنا چاہتے ہیں۔

حکومت کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ جنگجوؤں کو افغان سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کی تفصیلات کا علم ، ٹیلی ویژن پر کابل میں گذشتہ جمعے کے روز بموں کے ہلاکت خیز حملوں کی رپورٹوں سے حاصل ہوا تھا۔

حکومت نے گذشتہ اگست میں صدارتی انتخاب کے موقعے پر اس سے ملتا جُلتا کوئى قدم اُٹھانے کی کوشش کی تھی۔ لیکن اُس پر سختی کے ساتھ عمل نہیں کیا گیا تھا۔

نیٹو نے کہا ہے کہ منگل کے روز جنوبی افغانستان میں چھٹے ہتھیاروں کی فائرنگ سے اُس کا ایک فوجی ہلاک ہوگیا۔

اِسی دوران،افغان اور بین الاقوامی فوجیں صوبہ ہلمند کے شہر مرجاہ میں بدستور اپنے ٹھکانوں کو مستحکم کررہی ہیں۔کمانڈروں کا کہنا کہ مرجاہ شہر پر قبضہ اور علاقے کو محفوظ بنانا ، طالبان کو اُن کے جنوب کے مضبوط ٹھکانے سے نکال باہر کرنے کے لیے اُس وسیع تر حملے میں پہلا قدم ہے جو بعد میں برابر کے صوبے قندھار کے دارالحکومت تک پھیل جائے گا، جہاں سے طلبان کی تحریک شروع ہوئى تھی۔

XS
SM
MD
LG