رسائی کے لنکس

افغان پارلیمنٹ نے وزیر خارجہ سمیت تین وزرا کو برطرف کر دیا


وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی (فائل فوٹو)
وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی (فائل فوٹو)

پارلیمنٹ کی طرف سے تین وزرا پر عدم اعتماد کا اظہار پہلے ہی مختلف اختلافات سے دوچار افغان قومی اتحادی حکومت کے لیے ایک اور دھچکہ ہے۔

افغانستان کی پارلیمنٹ نے وزیر خارجہ سمیت تین وزرا کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے جس کے بعد یہ تینوں اپنے عہدوں پر فائز نہیں رہ سکیں گے۔

ہفتہ کو جن وزرا کے خلاف وولسی جرگہ یعنی پارلیمان کے ایوان زیریں نے ووٹ دیا ن میں وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی، پبلک ورکس کے وزیر محمود بلیغ اور محنت، سماجی امور، شہدا اور معذوروں کی وزارت کی وزیر نسرین اوریاخیل شامل ہیں۔

رائے شماری کے نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے ایوان زیریں کے اسپیکر عبدالرؤف ابراہیمی نے صدر اشرف غنی سے کہا کہ وہ قانون سازوں سے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے تین نئے وزرا کے نام پیش کریں۔

گزشتہ ہفتے ہی پارلیمنٹ نے اعلان کیا تھا کہ ہفتے سے جمعرات تک ہر روز تین وزرا کی کارگزاری کی بنیاد پر قانون سازی اپنی رائے دیں گے۔

پارلیمنٹ کی طرف سے تین وزرا پر عدم اعتماد کا اظہار پہلے ہی مختلف اختلافات سے دوچار افغان قومی اتحادی حکومت کے لیے ایک اور دھچکہ ہے۔

صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے درمیان مختلف اعلیٰ عہدوں پر تعیناتی سے متعلق اختلافات پائے جاتے رہے ہیں۔

صلاح الدین ربانی نے گزشتہ سال فروری میں وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالا تھا جس کے چند ماہ بعد محمود بلیغ اور نسرین اوریاخیل کی کابینہ میں شمولیت ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG