رسائی کے لنکس

افغانستان: چار ماہ میں پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیاں بند کردی جائیں گی


نیٹو کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اگرسیکیورٹی کمپنیاں ختم کردی جاتی ہیں تو افغان فوج اور پولیس، دفاتر، فوجیوں اور سامان رسد کے قافلوں کی حفاظت سمیت، وہ تحفظ فراہم کرنے کی اہل ہیں جو اس وقت پرائیویٹ کمپنیاں فراہم کررہی ہیں۔

افغان حکومت کے ایک ترجمان کے مطابق صدر حامد کرزئی چار ماہ کے اندرپرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں کو بند کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں

ترجمان وحید عمر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسٹر کرزئی اس سلسلے سے ڈیڈ لائن جاری کرنے والے ہیں۔

افغانستان میں 50 سے زیادہ بین الاقوامی اور افغان سیکیورٹی کمپنیاں کام کررہی ہیں اور ان کے پاس کم ازکم 30 ہزار افراد ملازم ہیں۔

صدر کرزئی یہ کہہ چکے ہیں کہ سیکیورٹی کمپنیوں نے سیکیورٹی کا ایک متوازی نظام قائم کرکے افغان سیکیورٹی فورسز کی اہمیت گھٹا دی ہے۔

نیٹو کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اگرسیکیورٹی کمپنیاں ختم کردی جاتی ہیں تو افغان فوج اور پولیس، دفاتر، فوجیوں اور سامان رسد کے قافلوں کی حفاظت سمیت، وہ تحفظ فراہم کرنے کی اہل ہیں جو اس وقت پرائیویٹ کمپنیاں فراہم کررہی ہیں۔

واشنگٹن میں پنٹاگان کے ترجمان برین وائٹ مین نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں کو ختم کرنے کے امریکہ اور افغان حکومت کے مشترکہ مقاصد ہیں۔لیکن ان مقاصد کے حصول کے وقت سیکیورٹی کے چیلنجوں کو بھی لازمی طورپر پیش نظر رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پنٹاگان پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں کی خامیاں دور کرنے اوران کے انتظامی امور بہتر بنانے کے لیے افغان حکومت کے ساتھ کام کرے گا۔

اسی اثنا میں نیٹو نے کہا ہے کہ پیر کے روزشمالی صوبے قندوز میں ایک ہوائی حملے میں ہلاک ہونے والے دوشورش پسندوں میں القاعدہ کا ایک رکن بھی شامل ہے۔

اتحاد کا کہنا ہے کہ طالبان کے ایک چھوٹی سطح کا کمانڈر ابوباقر اور القاعدہ کے گروپ لیڈرکواتوار کے روز اس وقت ہلاک کردیا گیا جب وہ علی آباد کی ایک پولیس چوکی پر حملہ کررہے تھے۔

صوبہ قندوز کے ضلع قلعہ زال میں ایک اور واقعہ میں نیٹو کا کہنا ہے کہ سڑک کنارے بم دھماکے میں ایک افغان بچہ ہلاک اور تین افرا زخمی ہوگئے۔

نیٹو کے مطابق پیر کے روز فرح صوبے کے گلستان ضلع میں شورش پسندوں نے ایک سرکاری اہل کار اور ایک پولیس افسر کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

افغان عہدے داروں نے پیر کے روز بتایا کہ پولیس نے جنوبی صوبے قندھار میں 17 ٹن امونیم نائٹریٹ پکڑا ہے ، جو دیسی ساختہ بموں میں استعمال کیا جانے والا ایک اہم جزو ہے۔

نیٹو کا کہنا ہے کہ وہ مشرقی صوبے کنڑ میں ضلع خاص کنڑ میں پیر کے روزہونے والے ڈرون طیارے کے حادثے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG