رسائی کے لنکس

افغانستان: ہلمند میں مشترکہ فوجی کارروائى میں 32 جنگجو ہلاک


جنوبی افغانستان میں صوبائى حکومت کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ افغانستان اور نیٹو کی فوجوں کی ایک مشترکہ کارروائى میں 32 جنگجو ہلاک ہوگئے۔

صوبہ ہلمند کی حکومت کے ترجمان داؤد احمدی نے کہا ہے کہ اتحاد کی فوجوں نے بدھ کی صبح سویرے ضلع ناد علی میں ایسے کئى گھروں پر چھاپے مارے جو طالبان کے قبضے میں تھے۔ یہ علاقہ روایتی طور پر طالبان کا ایک مضبوط ٹھکانا ہے اور یہ اُس علاقے کے قریب ہے جہاں امریکی اورافغان کمانڈروں کا کہنا ہے کہ وہ کسی بڑی فوجی کارروائى کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

کمانڈروں کا کہنا ہے کہ افغان فوج کے زیرِ قیادت ہزاروں فوجیوں کی اس مشترکہ کارروائى میں صوبہ ہلمند کے ضلعے مر جاہ کو ہدف بنایا جائے گا، جو طالبان کے قبضے میں ہے۔ عہدے داروں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ حملہ کب شروع ہوگا۔تاہم ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق، حملہ جلد ہی شروع ہوگا۔


ملک کے وسطی شہر قندھار میں پولیس نے کہا ہے کہ کسی خود کُش حملہ آور نے ایک ہوٹل کے قریب ایک کار بم کو دھماکے سے اُڑاکر کم سے کم چھ افراد کو ہلاک اور 20 کو زخمی کردیا۔ یہ واضح نہیں کہ حملہ آور کس کو ہدف بنا رہا تھا۔

اسی دوران امریکی عہدے داروں نے نے کہا ہے کہ وہ اپنے نیٹو کے اتحادیوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ افغان فوج اور پولیس کو تربیت دینے کے لیے مزید ہزاروں ماہرین فراہم کریں۔ اُن کا کہنا ہے کہ افغان فوج اور پولیس کو اس قابل بنانے کے لیے کہ وہ طے شدہ وقت تک ملک میں سکیورٹی کی ذمّے داریاں خود سنبھال سکیں، تربیت دینے والے ماہرین کی تعداد کو بڑھانا بہت ضروری ہے۔

XS
SM
MD
LG