رسائی کے لنکس

آسٹریلیا افغانستان کو 30 کروڑ ڈالر امداد دے گا


آسٹریلوی وزیراعظم جولیا گیلارڈ
آسٹریلوی وزیراعظم جولیا گیلارڈ

آسٹریلیا نے انخلا کے بعد افغان سکیورٹی فورسز کے استحکام میں مدد کے لیے 30 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم جولیا گیلارڈ نے بدھ کو کہا آسٹریلیا 2015ء سے افغانستان کو دس کروڑ سالانہ ادا کرے گا۔

افغانستان میں تعینات بین الاقوامی لڑاکا فوجیں ایک منصوبے کے تحت 2014ء کے اختتام تک سلامتی کی ذمہ داریاں مقامی سکیورٹی فورسز کے سپرد کرکے ملک سے نکل جائیں گی۔

افغانستان میں آسٹریلیا کے 1500 فوجی تعینات ہیں اور اس نے مارچ میں اعلان کیا تھا کہ اس کے اہلکار اعلان کردہ انخلا کے منصوبے سے ایک سال قبل یعنی 2013ء کے وسط تک افغانستان سے نکل جائیں گے۔

وزیراعظم گیلارڈ کا کہنا تھا کہ افغان فورسز کی طرف سے ذمہ داریاں سنبھال لینے کے بعد ان کا ملک بھی افغانستان میں سپیشل فورسز کی موجود پر غور کررہا ہے کیونکہ ان کے بقول افغانستان کا استحکام’’ ان کے اہم قومی مفاد‘‘ میں ہے۔

انھوں نے کہا کہ کینبرا 2014ء کے بعد تک افغانستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ’’پائیدار ترقیاتی تعاون کے پروگرام‘‘ جاری رکھے گا۔

امریکہ کی زیر قیادت بین الاقوامی افواج کی 2001ء میں افغانستان میں آمد کے بعد سے اب تک آسٹریلیا کے 32 فوجی یہاں ہلاک ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG