رسائی کے لنکس

ہلمند: ہلاک ہونے والے برطانوی فوجی تھے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سڑک میں نصب بم پھٹنے سے زخمی ہونے والے فوجیوں کو فوری طبی امداد کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے کیمپ بسشن کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں دیسی ساختہ بم دھماکے کی زد میں آ کر ہلاک ہونے والے غیر ملکی فوجیوں کا تعلق برطانیہ سے تھا۔

بدھ کو برطانوی وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ یہ فوجی منگل کے روز ضلع نہر سراج کے علاقے میں معمول کی گشت پر تھے کہ ان کی گاڑی سڑک میں نصب دیسی ساختہ بم سے ٹکرا گئی۔

بیان کے مطابق فوجیوں کو فوری طبی امداد کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے کیمپ بسشن کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

ایک روز قبل افغانستان میں تعینات اتحادی افواج نے بتایا تھا کہ جنوبی علاقے میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں تین غیر ملکی فوجی ہلاک ہوگئے لیکن ان کی شہریت اور واقعے کی تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں۔

برطانوی وزارت دفاع کے مطابق ان فوجیوں کی ہلاکت ہلمند میں تعینات ٹاسک فورس کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

طالبان نے اتوار کو ’موسم بہار‘ کی تازہ کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ غیر ملکی افواج، ان کی تنصیبات اور سفارتی علاقوں میں اہداف کو نشانہ بنائیں گے۔

2001ء میں امریکہ کی قیادت میں افغانستان میں تعیناتی کے بعد سے اب تک لگ بھگ 450 برطانوی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

’’ہمیں ان سے ہمدردی ہے جنہوں نے اس واقعے میں اپنے پیاروں کو کھویا ہے، یہ واقعہ ہمارے اہلکاروں کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات کو بھی اجاگر کرتا ہے جو آئندہ سال کے اواخر تک افغانستان سے انخلا سے قبل سلامتی کی ذمہ داریاں مقامی سکیورٹی فورسز کے سپرد کرنے میں مصروف ہیں۔‘‘

برطانوی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مرنے والے فوجیوں کے لواحقین کو بھی مطلع کردیا گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG