رسائی کے لنکس

کرزئی کابینہ کی نئی فہرست پارلیمان میں پیش


افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے ہفتے کے روزاپنی کابینہ کے لیے 16 نئے ناموں کی فہرست پارلیمان میں پیش کردی ہے ۔ اُنھوں نے گذشتہ ماہ بھی ایوان زیریں کے سامنے 24 ناموں پر مشتمل ایک فہرست پیش کی تھی لیکن اراکین پارلیمان نے ان میں سے صرف سات وزراء کے نام منظور کیے جسے صدر کرزئی کے لیے ایک بڑا سیاسی دھچکا قراردیا گیا تھا۔

مسترد کیے جانے والے دو تہائی ناموں میں مغربی صوبہ ہرات کے سابق گورنراور جنگجو کمانڈر اسماعیل خان بھی شامل تھے جنہیں افغان صدر نے وزیر توانائی کی نئی معیاد کے لیے نامزد کیا تھا۔ جن سات ناموں کی منظور ی دی گئی اُن میں وزیردفاع جنرل عبدالرحیم وردگ، وزیر داخلہ محمد حنیف اتمار، وزیرخزانہ عمرزاخیل وال ، وزیرتعلیم ڈاکٹر غلام فاروق وردگ، وزیرزراعت و آبپاشی محمد آصف رحیمی، وزیر کان کنی واحداللہ شیرانی اور وزیراطلات و ثقافت ڈاکٹر سید مخدوم راحین شامل ہیں جو اس وقت بھارت میں افغانستا ن کے سفیر ہیں۔

ہفتے کے روز نئی فہرست افغانستان کے دوسرے نائب صدر کریم خلیلی نے پارلیمنٹ میں پڑھ کر سنائی ہے ۔ کریم خلیلی نے پارلیمان سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ وہ اراکین سے درخواست کرتے ہیں کہ ملک کے مفاد، ضرورت اور موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے وہ ایک اچھافیصلہ کریں۔

جن 16افراد کے نام افغان کابینہ کے لیے تجویز کیے گئے ہیں اُن میں صدر کرزئی کے سکیورٹی ایڈوائزر زلمے رسول کا نام وزیر خارجہ کے طور پر تجویز کیا گیا ہے اس سے قبل مجوزہ کابینہ کی فہرست میں وزارت خارجہ کے قلمدان کے لیے کوئی نام تجویز نہیں کیا گیا تھا۔ صدر کرزئی نے اس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ 28 جنوری کو لندن میں افغانستان کے لیے ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس سے قبل پارلیمان کابینہ کی منظور ی دے دے گی۔

واضح رہے کہ صدر حامد کرزئی کی پچھلی مدت صدارت کے دوران اُن کی کابینہ کی خراب کارکردگی اور بدعنوانی کی بڑھتی ہوئی شکایات پر نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرونی دنیا کی جانب سے بھی خاصی تنقید کی گئی۔

افغانستان کے لیے پاکستان کے سابق سفیر ایاز وزیر کا کہنا ہے کہ اگر اب بھی پارلیمان نے صدر کرزئی کی مجوزہ کابینہ کی منظور ی نہ دی تو اس سے بین الااقوامی برداری کو یہ تاثر ملے گا کہ اُن کی ملک پر سیاسی گرفت کمزور ہے ۔ تاہم اُن کا کہنا ہے کہ پارلیمان نئے وزراء کے ناموں کی منظوری لندن کانفرنس سے پہلے دے دیتی ہے تو اس سے کرزئی حکومت کی ساکھ بہتر ہو گی۔

XS
SM
MD
LG