رسائی کے لنکس

نیٹو اور افغان افواج کی کارروائی: مغربی افغانستان میں 27طالبان ہلاک


افغان فوجی عہدے داروں نے کہا ہے کہ منگل کے روز مغربی افغانستان میں ہونے والی لڑائی اور فضائی حملے میں نیٹو اور افغان افواج نے27 مشتبہ طالبان باغیوں کو ہلاک کردیا۔

افغان جنرل جلندر شاہ بہرام نے بتایا کہ منگل کو صبح سویرے افواج نے صوبہٴ بغدیس کے باغیوں کےمضبوط گڑھ میں ایک مشترکہ کارروائی کا آغاز کیا۔

بہرام نے کہا کہ لڑائی شام گئے تک جاری تھی۔ اُنھوں نے بتایا کہ ایک افغان فوجی بھی ہلاک اور کم از کم چھ فوجی زخمی ہوئے۔

باغی، علاقے کو کابل سے ملانے والی سڑک کے ایک منصوبے پر حملے کرتے رہے ہیں۔

دریں اثنا، نیٹو کی سربراہی میں لڑنے والی بین الاقوامی افواج نے بتایا ہے کہ افغانستان کے دوسرے مقامات پر جھڑپوں کے دوران ہونے والی شہریوں کی ہلاکتوں کے بارے میں چھان بین ہو رہی ہے۔

فوج کا کہنا ہے کہ منگل کے دِن صوبہٴ کپیسا میں ہونے والی لڑائی میں ایک افغان بچہ ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔ فوج نے کہا ہے کہ یہ واضح نہیں ہوا کہ یہ نقصان کس فریق کے ہاتھوں ہوا۔

بین الاقوامی افواج نے یہ بھی کہا کہ پیر کو صوبہٴ ہلمند میں ہونے والے فضائی حملے کے نتیجے میں چار مشتبہ باغی ہلاک اور چار شہری زخمی ہوئے، جِن میں دو خواتین ، ایک بچہ اور ایک عمر رسیدہ شخص شامل ہیں۔ فضائی حملے کا ہدف عمارت کا وہ احاطہ تھا جوباغی بین الاقوامی فوجوں کے خلاف حملوں کے لیے استعمال ہوتا تھا۔

یہ خبر ایسے وقت آئی ہے جب افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کے سربراہ، جنرل سٹینلی میک کرسٹل نے کابل میں قبائلی عمائدین کے ایک اجتماع سے خطاب کیا۔

میک کرسٹل نے افغان لیڈروں کو بتایا کہ اُن کی کمان میں لڑنے والی افغان فوج سولین ہلاکتوں کوروکنے کی سختی کے ساتھ ہرممکن کوششیں ہو رہی ہیں، لیکن اُنھوں نے تسلیم کیا کہ کبھی کبھار اُن کی افواج سے غلطیاں سرزد ہوجاتی ہیں۔

دوسری طرف، افغان قانون سازوں نے بتایا کہ صدر حامد کرزئی نے بند کمرے میں ہونے والے ایک اجلاس میں اُن کی حکومت پرکی جانے والی نکتہ چینی پر مغربی ناقدین پر انگلیاں اُٹھائیں۔

اطلاعات کے مطابق افغان لیڈر نے کہا کہ اگر افغان امور میں غیر ملکی دخل اندازی جاری رہی تو طالبان ایک باقاعدہ مزاحمتی تحریک بن جائے گی۔

قانون سازوں کا کہنا ہے کہ مسٹر کرزئی نے خیال ظاہر کیا ہے کہ اگر غیر ملکی دباؤ بند نہیں ہوتا تو وہ طالبان کے ساتھ شامل ہو سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG