رسائی کے لنکس

مشرقی افغان ضلع پر سرکاری قبضہ بحال


طالبان جنگجو (فائل فوٹو)
طالبان جنگجو (فائل فوٹو)

افغان حکام کا کہنا ہے کہ مقامی فورسز نے پیر کے روز مشرقی صوبے غزنی کے ضلع کھوگیانی پر سرکاری قبضہ بحال کرا لیا ہے۔

حکام کے مطابق شدت پسندوں نے ضلعی پولیس کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد علاقے میں سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر لیا تھا لیکن اس کے چند گھنٹوں بعد افغان فورسز نے یہاں کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ پسپائی اختیار کرنے سے پہلے طالبان جنگجوؤں نے کچھ عمارتوں کو نذر آتش بھی کیا ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح الله مجاہد نے تصدیق کی ہے کہ شدت پسند علاقے سے نکل گئے ہیں۔ اُن کا دعویٰ تھا کہ عسکریت پسندوں نے متعدد پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنانے کے علاوہ اِن کے ہتھیار بھی اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔

دریں اثنا نیٹو نے کہا ہے کہ بین الاقوامی افواج نے صوبہ ہلمند میں طالبان کے ایک سپلائی ڈپو پر حملہ کرکے وہاں موجود کم از کم پندرہ جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ افغان فورسز کی مدد سے کی گئی یہ کارروائی دو دنوں سے جاری تھی۔

اُدھر نیٹو کا کہنا ہے کہ غیر ملکی افواج نے خوست، پکتیکا اور قندھار صوبوں میں مختلف کارروائیوں کے دوران طالبان اور حقانی نیٹ ورک سے منسلک عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا ہے۔

نیٹو نے اتوار کے روز کہا تھا کہ گذشتہ چند دنوں میں جنوبی اور مشرقی افغانستان میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان شدید لڑائی کے نتیجے میں نوے سے زائد شدت پسند مارے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG