رسائی کے لنکس

سکیورٹی کی ذمّے داری مقررہ وقت سے پہلے افغان فوج کو منتقل کی جاسکتی ہے: گیٹس


امریکی وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوجیں ہوسکتا ہے کہ سکیورٹی کی ذمّے داریاں جولائى 2011 کی مقررہ تاریخ سے پہلے ہی افغان حکام کو منتقل کرنا شروع کردیں۔

گیٹس نے بدھ کے روز کہا ہے کہ زیادہ تیزی کے ساتھ ذمّے داریاں منتقل کرنےکے بارے میں کوئى بھی فیصلہ اُس وقت کی صورتِ حال کی بنیاد پر کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات کابل کے نواح میں افغان فوج کے اُس تربیتی مرکز میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے،جہاں امریکی اور برطانوی فوجی ماہرین افغان فوجیوں کو تربیت دے رہے ہیں۔

گیٹس نے یہ دورہ افغان وزیرِ دفاع عبدالرّحیم وَردک کے ہمراہ کیا۔

افغان وزیرِ دفاع نے کہا ہے کہ اُنہیں اُمید ہے کہ افغانستان اپنی سکیورٹی کی ذمّے داریاں اکتوبر 2011 تک خود سنبھال لے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ افغان لوگ ” شرم محسوس“ کرتے ہیں کہ بین الاقوامی فوجیں طالبان کے خلاف لڑتے ہوئے اپنا خون بہا رہی اور وہ اُنہیں اس بوجھ سے نجات دلانا چاہتے۔

اسی دوران افغان فوج اور بین الاقوامی فوجوں نے بدھ کے روز صوبہ ہلمند کے ضلعےگرم سیر میں ایک مشترکہ کارروائی میں ایک احاطے کی تلاشی کے دوران کئى جنگجوؤں کو گرفتار کرلیا اوربھاری مقدار میں اسلحہ اور گولابارود ضبط کرلیا۔

XS
SM
MD
LG