رسائی کے لنکس

افغان امن کونسل کے وفد کی پیر کو پاکستان آمد متوقع


افغان امن کونسل کے سربراہ صلاح الدین ربانی (فائل فوٹو)
افغان امن کونسل کے سربراہ صلاح الدین ربانی (فائل فوٹو)

افغان وفد متعلقہ حکام سے افغانستان میں امن و مفاہمت کے عمل پر بات چیت کرے گا اور کونسل کے سربراہ مسٹر صلاح الدین کو اس دورے کی دعوت وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے دی تھی

افغانستان کی اعلٰی امن کونسل کا ایک وفد اس کے چیئرمین صلاح الدین ربانی کی قیادت میں پیر سے پاکستان کا دورہ شروع کرے گا۔

اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی طرف سے اتوار کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ افغان وفد متعلقہ حکام سے افغانستان میں امن و مفاہمت کے عمل پر بات چیت کرے گا اور کونسل کے سربراہ مسٹر صلاح الدین کو اس دورے کی دعوت وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے دی تھی۔

پاکستان میں قیام کے دوران وفد وزیر خارجہ کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کرے گا، جبکہ صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پرویز اشرف کے علاوہ فوجی قیادت کے ساتھ بھی اُس کی ملاقات متوقع ہے۔

افغانستان کی اعلٰی امن کونسل ملک میں قیام امن اور سیاسی مفاہمت کو فروغ دینے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔

گزشتہ سال کونسل کے بانی سربراہ اور افغانستان کے سابق صدر برہان الدین ربانی کی خودکش حملے میں ہلاکت کے بعد قومی مفاہمت کا یہ عمل رک گیا تھا اور پاکستانی سرزمین پر اس حملے کی منصوبہ بندی کے افغان الزامات کے باعث دو طرفہ تعلقات بھی کشیدہ ہو گئے تھے۔

افغان صدر حامد کرزئی نے بعد ازاں مقتول افغان رہنما کے صاحبزادہ صلاح الدین ربانی کو کونسل کا نیا سربراہ مقرر کر دیا اور وہ پہلی مرتبہ پاکستان کے دورہ پر اسلام آباد آ رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG