رسائی کے لنکس

افغانستان میں اُردن کے افسر کی ہلاکت


افغانستان میں اُردن کے افسر کی ہلاکت
افغانستان میں اُردن کے افسر کی ہلاکت


اُردن نے اس اطلاع کی تصدیق کردی ہے کہ اُردن کا ایک افسر، جس کا ملک کے شاہی خاندان سے تعلق ہے، پچھلے ہفتے افغانستان میں ایک حملے میں ہلاک ہوگیا تھا۔

اخبار واشنگٹن پوسٹ نے پیر کے روز یہ اطلاع دی ہے کہ وہ افسر گذشتہ ہفتے اُس حملے میں ہلاک ہونے والا آٹھواں فرد تھا، جس میں صوبہ خوست کے ایک اڈے پر امریکہ کی سینٹرل انٹیلی جینس ایجنسی یا سی آئى اے کے سات ملازمین ہلاک ہوئے تھے۔ شریف علی بن زید کی میّت، جو اُردن کی انٹیلی جینس سروس میں ایک کیپٹن تھے، قومی پرچم میں لِپٹے ہوئے ایک تابوت میں ہفتے کے اختتام پر عمان پہنچی تھی۔

اُردن کے شاہ عبداللہ نے ہفتے کے روز مرحوم افسر کے اعزاز میں ایک باوقار تقریب کی صدارت کی تھی۔ تاہم اُس کی ہلاکت کے بارے کوئى تفصیل نہیں بتائى گئى۔

اُردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پَیٹرا نے صرف اتنا کہا ہے کہ بن زید بدھ کے روز ”افغانستان میں اردن کی فوج کے مقدّس فرائض انجام دیتے ہوئے ہلاک ہوگئے“۔نیٹو کا کہنا ہے کہ افغانستان میں اُردن کے کُل سات فوجی تعینات ہیں۔

افغان طالبان اور پاکستانی طالبان، دونوں نے اُس حملے کی ذمّے داری کا دعویٰ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG