رسائی کے لنکس

مجوزہ سکیورٹی معاہدے پر دستخط نہیں کروں گا: افغان صدر


صدر حامد کرزئی
صدر حامد کرزئی

حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے عوام امریکہ کے ساتھ سکیورٹی معاہدے کے خلاف نہیں ہیں لیکن افغان عوام کے لیے بھی کسی دوسرے ملک کی طرح امن زندگی کی بنیاد ہے۔

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے پارلیمنٹ سے اپنے الوداعی خطاب میں ایک بار پھر امریکہ کے ساتھ سکیورٹی معاہدے پر دستخط نہ کرنے کے اپنے موقف کو برقرار رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے عوام امریکہ کے ساتھ سکیورٹی معاہدے کے خلاف نہیں ہیں لیکن افغان عوام کے لیے بھی کسی دوسرے ملک کی طرح امن زندگی کی بنیاد ہے۔

"لہذا اگر ایک ملک سکیورٹی معاہدہ، تعلقات اور فوجی اڈہ چاہتا ہے تو اس موجودگی سے افغانستان میں لازماً امن آنا چاہیئے۔"

کرزئی نے مزید کہا کہ گزشتہ 12 سال تک افغانستان پر جنگ مسلط کی گئی۔ ان کا اشارہ امریکی مداخلت کی طرف تھا جس نے طالبان کو اقتدار سے بے دخل کرنے پر مجبور کیا تھا۔

امریکہ یہ کہہ چکا ہے کہ رواں سال کے اواخر تک وہ بھی اپنی افواج افغانستان سے واپس بلا لے گا۔ واشنگٹن کابل کے ساتھ ایک مجوزہ سکیورٹی معاہدے پر دستخط چاہتا ہے جس سے محدود تعداد میں امریکی فوجی 2014ء کے بعد بھی افغانستان میں رہ سکیں گے۔

کرزئی اس سے قبل اس سکیورٹی معاہدے پر آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل دستخط نہ کرنے پر اصرار کرتے رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG