رسائی کے لنکس

ہلاکتوں کے مقدمے میں امریکہ تعاون نہیں کررہا: صدرحامد کرزئی


افغان صدر حامد کرزئی نے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنے ایک فوجی کے ہاتھوں 16 افغان دیہاتوں کے قتل کے مقدمے میں تعاون نہیں کررہا۔

صدر کرزئی نے صوبہ قندھار میں اتوار کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے عزیزوں اور قبائلی سرداروں کے وفد سے جمعے کے روز ملاقات میں کہا کہ انہوں نے ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے جو ٹیم بھیجی تھی، اسے امریکی عہدے داروں سے متوقع تعاون نہیں ملا۔

مسٹر کرزئی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے اور موجودہ واقعہ ہر لحاظ سے اس کی انتہا ہے۔

افغان صدر کا کہناتھا کہ اس رویے کو اب مزید برداشت نہیں کیاجائے گا۔

صدر کرزئی نے امریکی فوج کے ان دعوؤں پر بھی سوال اٹھایا کہ اس واقعہ میں صرف ایک فوجی ملوث تھا۔

جب کہ دیہاتیوں کا کہناہے کہ ضلع پنچ وادی کے اس واقعہ میں جس میں بچے بھی ہلاک ہوئے تھے، ایک سے زیادہ امریکی فوجی ملوث تھے۔

واقعہ میں ملوث امریکی فوجی کی شناخت ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی ، لیکن ان کے وکیل کا کہناہے کہ ان کا موکل شدید ذہنی دباؤ کاشکارتھا۔

XS
SM
MD
LG