رسائی کے لنکس

سینیٹر کیری دوبارہ کابل جا پہنچے


امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر جان کیری جمعہ کے روز غیر متوقع طور پر ہفتے میں دوسری بار افغانستان کے دورے پہ کابل پہنچ گئے جہاں امکان ہے کہ وہ صدر حامد کرزئی سے ان کی انتظامیہ میں پائی جانے والی کرپشن کے خاتمے پہ بات کریں گے۔

سینیٹر کیری جمعرات کے روز حامد کرزئی سے ملاقات کرنے کے بعد پاکستان پہنچے تھے جہاں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے علاوہ پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔ امید کی جارہی تھی کہ کیری جمعہ کے روز خطے کا اپنا حالیہ دورہ مکمل کرکے واپس لوٹ جائیں گے تاہم وہ ایک بار پھر کابل جا پہنچے۔

جمعرات کے روز افغان صدر سے ہونے والی اپنی ملاقات کے بعد سینیٹر کیری نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ صدر کرزئی نے انہیں افغان حکومت کے معاملات میں شفافیت لانے اور افغانستان میں مغربی امداد کے تحت چلنے والے انسدادِ کرپشن کے اداروں کو آزادانہ کام کرنے کی اجازت دینے جیسے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دوںوں رہنمائوں نے جمعرات کے روز ہونے والی ملاقات میں صدر کرزئی کی جانب سے رواں ہفتے جاری ہونے والے اس حکم نامے پر بھی تبادلہ خیال کیا جس کی رو سے افغانستان میں مصروفِ عمل تمام پرائیوٹ سیکیورٹی کمپنیوں کو چار ماہ کے اندر اندر اپنا کام بند کرنے کا کہا گیا تھا۔

دوسری جانب افغانستان میں موجود نیٹو افواج کے ایک اعلامیہ کے مطابق ملک کے جنوبی حصے میں کیے جانے والے ایک بم حملے میں ایک امریکی سمیت تین نیٹو فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ جبکہ اتحادی افواج نے صوبہ خوست میں جاری ایک آپریشن میں ایک سویلین کے مارے جانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

نیٹو افواج کی جانب سے ماضی میں بھی کئی دفعہ فوجی آپریشنز کے دوران سویلینز کی ہلاکتوں کا اعتراف کرنے اور مستقبل میں مزید احتیاط برتنے کی یقین دہانی کرائے جانے کے باوجود اس طرح کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔ افغان صدارتی محل سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق جمعرات کے روز ہونے والی سینیٹر کیری اور صدر کرزئی کی ملاقات میں بھی نیٹو کے فوجی آپریشنز میں سویلینز کی ہلاکتوں کا معاملہ زیرِ غور آیا۔

XS
SM
MD
LG