رسائی کے لنکس

عام شہریوں کی ہلاکتیں افغان مشن کے لیے نقصان دہ ہے: امریکی کمانڈر


جنرل پیٹرئیس
جنرل پیٹرئیس

مشرقِ وسطیٰ اور وسطِ ایشیا میں امریکی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریئس نے کہا ہے کہ افغانستان میں عام شہریوں کےہلاک اور زخمی ہونے سے اُس ملک میں امریکہ اور نیٹو کے فوجی مِش کو نقصا ن پہنچ رہا ہے۔

جنرل پیٹریئس نے منگل کے روز واشنگٹن میں ایک اجتماع میں کہا ہے کہ اگر محاذ کے عقب کی کارروائیوں میں بے گناہ لوگوں کی جانیں ضائع ہورہی ہوں تو آپ اپنی حکمت عملی کے مقاصد کو پورا نہیں کرسکتے۔

اُن کے اس بیان سے ایک دن پہلے نیٹو کے فوجیوں نےجنوبی صوبے قندھار میں ایک بَس پر گولی چلا کر چار عام شہریوں کو ہلاک کیا تھا۔

افغان صدر حامد کرزئى نے اُن ہلاکتوں کی مذمّت کرتے ہوئے کہا تھا کہ عام شہریوں کی بس پر گولی چلانا عام شہریوں کی جانوں کی حفاظت کے لیے نیٹو کے وعدے کی خلاف ورزی ہے۔

نیٹو نے جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس واقعے چھان بین کے لیے افغان حکومت اور نیٹو کی ایک مشترکہ ٹیم قندھار پہنچ گئى ہے۔

افغانستان میں چوٹی کے کمانڈر ، امریکی جنرل سٹینلی میک کِرسٹل افغان عوام کے دل جیتنے کے لیے عام شہریوں کے جانی نقصان کو کم سے کم کردینے کو اعلیٰ ترین ترجیح کے معاملہ قرار دیا دے ہے۔

منگل کے روز ہی افغان عہدے داروں نے کہا ہے کہ مشرقی افغانستان میں مارٹر کے ایک حملے میں تین عورتیں ہلاک ہوگئیں۔

وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ جنگجوؤں نے کپیسا کے صوبے میں ضلعی حکومت کی ایک عمارت کو ہدف بنایا تھا لیکن اُن کے مارٹر، ضلع الاسے میں گھروں پر گِرے۔پیر کے روز اُس حملے میں کم سے کم چار اور افراد زخمی ہوئے تھے۔

افغان عہدے داروں نے کہا ہے کہ شمال کے صوبے فریاب میں سڑک کے کنارے ایک بم کے دھماکے میں چار پولیس افسر ہلاک ہوگئے۔

XS
SM
MD
LG